سینیٹرز ولید اقبال، اعظم سواتی، اعجاز چوہدری اور ڈاکٹر یاسمین راشد کے کیسز کے حوالے سے متعلقہ ادارے 15دن کے اندر رپورٹ دیں، سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ

جمعرات 23 جون 2022 22:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جون2022ء) ایوان بالاء کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر محسن عزیز کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاوُس میں منعقد ہوا-قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے مارچ کے دوران امن و امان قائم کرنے والی ایجنسیوں اور انتظامیہ کی جانب سے مارچ کے شرکاء پر آنسو گیس کی شیلنگ اور پی ٹی آئی لیڈر شپ پر پولیس کے کریک ڈاؤن سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں اور عام عوام پر ایف آئی آر کے اندراج اور گرفتاریوں کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔

سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں چیئرمین کمیٹی سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ قائمہ کمیٹی حالات و واقعات کا تفصیلی جائزہ لینے کیلئے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی اجازت سے تمام صوبوں کا دورہ کر کے حتمی رپورٹ تیار کرے گی۔

(جاری ہے)

ویڈیو لنک کے ذریعے سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد ، سینیٹر اعجاز چوہدری،عمران ریاض،صوبائی ممبرا سمبلی حلیم عادل،پی ٹی آئی رہنما صداقت عباسی،سینیٹر فوزیہ ارشد نے یڈیو لنک کے ذریعے کمیٹی کو احتجاج کے حوالے سے صورتحال سے آگاہ کیا جس پر چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر محسن عزیز نے متعلقہ اداروں کو ہدایات دیں کہ سینیٹرز ولید اقبال، اعظم سواتی، اعجاز چوہدری اور سابق صوبائی وزیرڈاکٹر یاسمین راشد کے کیسز کے حوالے سے متعلقہ ادارے 15دن کے اندر رپورٹ پیش کریں ۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں قائد حز ب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم، سینیٹرز ثمنیہ ممتاز زہری، رانا مقبول احمد، شہادت اعوان، فوزیہ ارشد، سرفراز احمد بگٹی، دلاور خان، شبلی فراز، ولید اقبال، فلک ناز، سیمی ازدی کے علاوہ اسپیشل سیکرٹری داخلہ، اسپیشل سیکرٹری ہوم سندھ، اسپیشل سیکرٹری ہوم پنجاب، ڈی سی اسلام آباد، آر پی او راولپنڈی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل کمشنر اسلام آباد اور آن لائن پر سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی ممبر اسمبلی حلیم عادل، ایس پی لاہور، اے آئی جی میر پور اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔