ہیلری کلنٹن ڈاکٹر آصف کی انتخابی مہم کا حصہ بن گئیں

ہیلری ڈاکٹر آصف محمود کے لیے 27جولائی کونیویارک میں فنڈ ریزنگ ڈنر کا اہتمام کریں گی

جمعرات 30 جون 2022 12:10

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2022ء) امریکا کی سابق صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نے اپنا سیاسی وزن پاکستانی امریکن ڈاکٹر آصف محمود کے پلڑے میں ڈال دیا ہے اور ان کی انتخابی مہم کا فعال حصہ بن گئی ہیں۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہیلری رادھم کلنٹن نے ڈاکٹر آصف محمود کے لیے 27 جولائی کو فنڈ ریزنگ ڈنر کا اہتمام کیاہے ،تقریب نیویارک میں ہوگی ،سابق صدارتی امیدوار کی جانب سے انفرادی طور پر یہ ناصرف کسی بھی پاکستانی امریکن بلکہ کسی بھی ایشیائی اور مسلم امیدوار کے لیے اپنی نوعیت کی پہلی فنڈ ریزنگ تقریب ہے۔

ہیلری سابق صدر بل کلنٹن کی اہلیہ ہیں اور ڈیموکریٹ پارٹی کی سرکردہ ترین شخصیات میں سے ایک ہیں، جن کا ڈاکٹر آصف محمود سے ایک عشرے سے سیاسی تعلق ہے۔ڈاکٹر آصف محمود نے ہیلری کلنٹن کی صدارتی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا اور مختلف ریاستوں میں فنڈ ریزنگ کر کے ری پبلکن ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابل ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کے لیے 3 ملین ڈالر سے زائد رقم جمع کی تھی، جس میں سے زیادہ تر رقم غیر مسلم ڈونرز کی مدد سے حاصل کی گئی تھی۔