شہزادہ محمد بن سلمان جیسے عظیم انسان کی کوئی مثال نہیں، امریکی صدر

ڈونلڈ ٹرمپ کے خراج تحسین پر سعودی ولی عہد کے اظہارِ تشکر کا انداز ٹرینڈ بن گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 14 مئی 2025 13:27

شہزادہ محمد بن سلمان جیسے عظیم انسان کی کوئی مثال نہیں، امریکی صدر
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی 2025ء ) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ایک عظیم انسان ہیں جن کی کوئی مثال نہیں۔ ریاض میں سعودی امریکی سرمایہ کاری فورم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے مملکت آنے کا دوسری مرتبہ موقع ملا، میں 8 برس قبل شاہ سلمان کی ضیافت کو کبھی فراموش نہیں کرسکتا، سعودی عرب کا میرا یہ دوسرا دورہ بھی تاریخی ہے، ہم مل کر اپنے تعلقات مضبوط بنائیں گے، سعودی ایک مثالی قوم ہیں، اسی لیے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پر مجھے فخر ہے اور ہم مملکت کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی درخواست پر شام پر عائد امریکی پابندیاں اٹھانے کا بھی اعلان کیا تاکہ شامی عوام کو نیا موقع دیا جا سکے، اس اقدام سے شامی لیرہ کی قدر میں فوری بہتری آئی اور معیشت کی بحالی کی امید پیدا ہوئی ہے، پابندیاں ختم ہونے سے خوراک و ادویات کی درآمد، مقامی پیداواراور خودکفالت کو فروغ ملے گا، امریکی فیصلہ دیگر ممالک کو بھی شام کے ساتھ روابط بحال کرنے پر آمادہ کر سکتا ہے، اس سے تباہ حال ملک کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیرِ نو اور سٹریٹیجک منصوبوں کے آغاز کی راہ ہموار ہونے کا بھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

MBS Trend
معلوم ہوا ہے کہ یہ اقدام سعودی عرب کے خطے میں امن، ترقی اور انسانی وقار کو اولین ترجیح دینے والے قائدانہ کردار کا مظہر ہے، یہی وجہ ہے کہ سعودی امریکی سرمایہ کاری فورم میں ایک جذباتی لمحہ اُس وقت دیکھنے میں آیا جب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تعریف اور شام پر سے پابندیاں ہٹانے کے اعلان پر مسکراتے ہوئے سینے پر ہاتھ رکھ کر ان کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر حاضرین کی جانب سے پرجوش انداز میں تالیاں بھی بجائی گئیں، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے تشکر کا یہ انداز سوشل میڈیا پر پر ٹرینڈ بن گیا۔
MBS Trend 2