ہیلری کلنٹن پاکستانی امریکن ڈاکٹر آصف کی انتخابی مہم کا حصہ بن گئیں

جمعرات 30 جون 2022 18:50

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2022ء) امریکا کی سابق صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن پاکستانی امریکن ڈاکٹر آصف محمود کی انتخابی مہم کا فعال حصہ بن گئی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہیلری رادھم کلنٹن نے ڈاکٹر آصف محمود کے لیے 27 جولائی کو فنڈ ریزنگ ڈنر کا اہتمام کیا ہے، یہ تقریب نیویارک میں ہو گی۔سابق صدارتی امیدوار کی جانب سے انفرادی طور پر یہ نہ صرف کسی بھی پاکستانی امریکن بلکہ کسی بھی ایشیائی اور مسلم امیدوار کے لیے اپنی نوعیت کی پہلی فنڈ ریزنگ تقریب ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر آصف محمود نے بھی ہیلری کلنٹن کی صدارتی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا اور مختلف ریاستوں میں فنڈ ریزنگ کر کے ری پبلکن ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابل ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کے لیے 3 ملین ڈالر سے زائد رقم جمع کی تھی، جس میں سے زیادہ تر رقم غیر مسلم ڈونرز کی مدد سے حاصل کی گئی تھی۔کیلی فورنیا کے ڈسٹرکٹ فورٹی سے کانگریس کے امیدوار ڈاکٹر آصف محمود کی انتخابی مہم کے سلسلے میں اب ہیلری کلنٹن خود فنڈ جمع کر رہی ہیں اور اس کے لیے انہوں نے ڈیمو کریٹ پارٹی کے سرکردہ افراد کو دعوت دی ہے۔