Live Updates

بی جے پی کے وزیر نے انڈین ملٹری کی مسلمان ترجمان کو دہشتگردوں کی بہن کہہ دیا

بھارتی جارحیت پر پاکستانی جواب، بی جے پی اور کانگریس آمنے سامنے، کانگریس جماعت کے کارکنوں نے کرنل صوفیہ قریشی کو دہشتگردوں کی بہن کہنے پر وجے شاہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 14 مئی 2025 16:31

بی جے پی کے وزیر نے انڈین ملٹری کی مسلمان ترجمان کو دہشتگردوں کی بہن ..
نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 مئی 2025ء ) بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے جواب پر ہندوستان کی حکمران جماعت بی جے پی اور اپوزیشن پارٹی کانگریس آمنے سامنے آگئیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی جارحیت پر پاکستان کے منہ توڑ جواب پر بھارتی حکومت اب تک تلملا رہی ہے، بی جے پی کے مدھیہ پردیش کے وزیر وجے شاہ نے بھارتی فوج کی مسلمان ترجمان کو دہشتگردوں کی بہن کہہ دیا، ان کا کہنا ہے کہ مودی نے دہشت گردوں کی بہن کرنل صوفیہ قریشی کو سبق سکھانے کیلئے آگے کردیا۔

بتایا گیا ہے کہ کانگریس جماعت کے کارکنوں نے کرنل صوفیہ قریشی کو دہشت گردوں کی بہن کہنے پر وجے شاہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، اس دوران کانگریس کے مشتعل کارکنوں نے وجے شاہ کے نام کی تختی پر سیاہی پھینک دی، کانگریس کے مشتعل کارکنوں نے وجے شاہ اور مودی سرکار کیخلاف نعرے بازی بھی کی، اس موقع پر مودی سرکار مردہ باد، وجے شاہ مردہ باد کے نعرے لگائے گئے۔

(جاری ہے)

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ کانگریس کی جانب سے وجے شاہ کیخلاف احتجاج ثابت کرتاہے کہ بی جے پی کی پالیسیوں سے کوئی خوش نہیں، کانگریس اور بی جے پی کے کارکنوں کے درمیان یہ محاذ آرائی بھارت کے اندر تقسیم کو واضح کرتی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ بھارتی اپوزیشن نے وزیراعظم نریندر مودی پر دباؤ بڑھاتے ہوئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے، اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنماء اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے وزیراعظم مودی کو ایک خط لکھا جس میں پارلیمنٹ میں فوری طور پر ایک مشترکہ اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی گئی، راہول گاندھی اور راجیہ سبھا کے اپوزیشن رہنما ملکارجن کھڑگے کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پارلیمنٹ میں پہلگام واقعے، آپریشن سندور اور سیز فائر پر تفصیل سے بحث کی جائے، ان موضوعات پر وزیراعظم مودی کو پارلیمنٹ میں وضاحت پیش کرنی چاہیئے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات