حکومت سگریٹ انڈسٹری پر مہربان،اربوں روپے کا ٹیکس ریلیف دے دیا

اتحادی جماعت کی سگریٹ پر ٹیکس بڑھانے کی کوششیں بھی سود مند ثابت نہ ہوئیں

Abdul Jabbar عبدالجبار منگل 5 جولائی 2022 11:11

حکومت سگریٹ انڈسٹری پر مہربان،اربوں روپے کا ٹیکس ریلیف دے دیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین، 5 جولائی 2022) حکومت کی سگریٹ انڈسٹری پر نوازشات،سگریٹ انڈسٹری کو اربوں روپے کا ٹیکس ریلیف دے دیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت اورحکومت کی سب سے اہم اتحادی جماعت کی سگریٹ پر ٹیکس بڑھانے کے لیے کوششیں بھی رائیگاں ہو گئیں،حکومت نے قیمتی سگریٹ برانڈز کی قابل ٹیکس قیمت کی سطح بلند کرکے اس سیکٹر کو اربوں روپے کا ٹیکس ریلیف فراہم کر دیا ہے۔

یہ تبدیلی قومی اسمبلی میں بجٹ کی منظوری کے موقع پر کی گئی۔ اس اقدام سے وہ تمام فوائد بھی ضائع ہو گئے جو حکومت سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافہ کر کے حاصل کرنا چاہتی تھی۔ ایکسپر یس نیوز کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت ٹیکس کے نفاذ سے مستثنیٰ رکھنے سے معذوری کا اظہار تو کیا تھا مگر سگریٹ کی قابل ٹیکس پرائس سلیب میں تبدیلی کے ذریعے سگریٹ انڈسٹری کو اربوں روپے کا ریلیف فراہم کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ٹیکس ایبل پرائس سلیب میں یہ تبدیلی عوامی ردعمل سے بچنے کیلئے 10جون کو نہیں کی گئی۔ بجٹ سے قبل حکومت 1000 سگریٹ پر 5200 روپے ایکسائز ڈیوٹی وصول کررہی تھی۔ بتایا گیا کہ بجٹ میں حکومت نے ڈیوٹی کی شرح 13.5 فیصد بڑھاکر 5900 فی ہزار سگریٹ کردی تھی۔تاہم اس اثر کا تدارک کرنے کے لیے حکومت کچھ قیمتی برانڈز کو بھی نچلی ٹیکس سلیب میں لے آئی ہے۔ حکومت نے مہنگے برانڈز کے سگریٹ کا تھریشولڈ بھی 5960 فی ہزار سگریٹ سے بڑھاکر 6660 روپے کردیا ہے ۔ اگر حکومت مہنگے برانڈز کی قابل ٹیکس قیمت کی حد نہ بڑھاتی تو بہت سے برانڈز جو اب نچلی ٹیکس کیٹیگری میں ہیں وہ اوپر والی ٹیکس کیٹیگری میں چلے جاتے جس سے ملک میں سگریٹ نوشی کی بھی حوصلہ شکنی ہوتی۔