Live Updates

پاکستان نے دشمن کو آپریشن بنیانٌ مّرصوص میں نظم و ضبط، درست حکمتِ عملی، بہادری اور قومی اتحاد کے ساتھ جواب دیا ، صدر مملکت آصف علی زرداری معرکہ حق کے موقع پر پیغام

ہفتہ 9 مئی 2026 19:40

پاکستان نے  دشمن   کو آپریشن بنیانٌ مّرصوص    میں  نظم و ضبط، درست حکمتِ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2026ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر کہا ہے کہ ایک سال پہلے پاکستان ایک بڑے امتحان سے گزرا اور پوری قوم ثابت قدم رہی، مئی2025 کے واقعات صرف ایک فوجی کارروائی نہیں تھے بلکہ پوری قوم کے لیے ایک اہم لمحہ تھے، بھارت نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان پر بلا اشتعال حملے کیے جن میں کچھ فوجی تنصیبات کے ساتھ زیادہ تر شہری آبادی اور عبادتگاہوں کو نشانہ بنایا گیا، پاکستان نے نظم و ضبط، درست حکمتِ عملی، بہادری اور قومی اتحاد کے ساتھ جواب دیا، آپریشن ’’بنیانٌ مّرصوص ‘‘معرکہِ حق کا اہم ترین ستون تھا، دنیا کو دکھایا کہ جب پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو تو ہماری مسلح افواج کیا کچھ کر سکتی ہیں، ہمارا جواب سوچا سمجھا، متوازن، متناسب، درست اور صورتحال کے عین مطابق تھا اور ہمارا پیغام بالکل واضح تھا۔

(جاری ہے)

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے معرکہ حق کی سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ معرکۂ حق نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ پیشہ ورانہ مہارت، تینوں افواج کی مربوط حکمت عملی اور اس قوم کے اس عزم پر قائم ہے جو کبھی جارحیت کے سامنے سر نہیں جھکاتی۔ ہم اپنی بہادر افواج کے مرد و خواتین کو سلام پیش کرتے ہیں اور ہر اُس شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جس نے اس وطن کی سربلندی کے لیے اپنی جان قربان کی۔

یہ ہماری قومی سوچ کا حصہ ہے کہ جب ہم پر جنگ مسلط کی جاتی ہے تو ہر پاکستانی سپاہی بن جاتا ہے جن میں کچھ تو وردی میں ہوتے ہیں اور زیادہ تر بغیر وردی کے۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو ایک ایسی ریاست کے طور پر دیکھا جاتا ہے جو نہ صرف اپنا دفاع کرنا جانتی ہے بلکہ امن اور استحکام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ مغربی ایشیا میں حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان نے ذمہ دارانہ اور متوازن سفارت کاری کے ذریعے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز تک لانے میں بھی مدد دی ہے۔

ہماری کوششوں نے مزید خونریزی روکنے اور خطے میں استحکام پیدا کرنے میں مدد دی ہے۔ پاکستان جہاں بھی مثبت کردار ادا کر سکتا ہے، وہاں امن، مذاکرات اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر ایک بار پھر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ مسئلۂ کشمیر اس خطے میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے۔ جنوبی ایشیا کی سکیورٹی کے مسائل کا کوئی بھی غیرجانبدار جائزہ پاکستان کے کردار کی اس حقیقت کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔

کشمیری عوام کی خواہشات، جنہیں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں تسلیم کیا گیا ہے، دہائیوں کے قبضے کے باوجود ختم نہیں ہوئیں اور نہ ہی کبھی ہوں گی۔ پاکستان ایک منصفانہ اور قانونی حل کے اپنے مؤقف پر قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے مترادف ہے۔ عالمی بینک کی ثالثی میں طے پانے والا یہ معاہدہ، جو 1960 میں ہوا، چار جنگوں اور پینسٹھ برس کی تلخ کشیدگی کے باوجود قائم رہا۔

اس معاہدے کو سیاسی تنازعات سے بالاتر رکھا گیا تھا۔ بھارت کا بغیر کسی قانونی جواز کے اسے معطل کرنا لاکھوں لوگوں کے روزگار اور زندگیوں کے لیے خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی کوئی ایسا معاملہ نہیں جسے سیاسی دباؤ کے لیے استعمال کیا جائے۔ پاکستان اپنے آبی حقوق کے دفاع کے لیے اسی عزم کا مظاہرہ کرے گا جو اس نے اپنی سرزمین کے دفاع میں دکھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے بارے میں بھی اپنا مؤقف پوری وضاحت سے دہراتے ہیں۔ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔ ہم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو ہر شکل میں ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ہم نے افغانستان کی موجودہ عبوری حکومت کے ساتھ سنجیدگی سے رابطے کیے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ دوحا فریم ورک کے تحت کیے گئے وعدوں پر مکمل عمل ہوگا تاکہ افغان سرزمین پاکستان یا کسی اور ملک کے خلاف استعمال نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی تنازعے کا خواہاں نہیں۔ لیکن پاکستان کبھی دھونس اور دادا گیری کے رویے کو قبول نہیں کرے گا۔ ہم اپنی خودمختاری، بین الاقوامی قانون، اور ایک ایسے پُرامن خطے کے لیے پُرعزم ہیں جہاں اختلافات طاقت کے بجائے مذاکرات کے ذریعے حل ہوں۔انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق اب ہماری قومی یادداشت کا حصہ بن چکا ہے۔ یہ کوئی ایسا لمحہ نہیں تھا جسے ہم نے خود چُنا ہو، لیکن جب وقت آیا تو پوری قوم نے اپنی تمام تر صلاحیت اور عزم کے ساتھ اس کا مقابلہ کیا۔ یہ دن ہر سال ہمیں یاد دلاتا رہے کہ جو قوم اپنی قدر پہچانتی ہے، وہ اپنے دفاع کی طاقت بھی ہمیشہ رکھتی ہے ۔\932
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات