9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے جس کے بعد جعلی حکمرانوں کو ملک پر مسلط کیا گیا

ان جعلی حکمرانوں کو نہ ملکی مفاد عزیز ہے اور نہ ہی عوام سے کوئی سروکار، ان حکمرانوں نے ملکی معیشت اور ریاستی اداروں کو بھی کمزور کیا۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 9 مئی 2026 20:39

9 مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے جس کے بعد جعلی حکمرانوں کو ملک پر ..
پشاور (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 09 مئی 2026ء ) وزیراعلی خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی ایکس پر 9 مئی کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ 9 مئی پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ دن، جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔ 9 مئی کے بعد جعلی حکمرانوں کو ملک پر مسلط کیا گیا، جنہوں نے پاکستان اور پاکستانی عوام کی تباہی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

ان حکمرانوں نے نہ صرف ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا بلکہ ریاستی اداروں کو بھی کمزور کیا اور عوام و اداروں کے درمیان فاصلے بڑھائے۔ ان جعلی حکمرانوں کو نہ ملکی مفاد عزیز ہے اور نہ ہی عوام سے کوئی سروکار۔ وزیراعلی سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ 9 مئی کے واقعے میں فیصلہ سازاور ریاستی ادارے ملوث تھے، 9 مئی کے واقعے میں ان کے کردار پر سنجیدہ سوالات اٹھتے ہیں۔

(جاری ہے)

آج تک واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج نہیں دکھائی گئی۔ اسی لیے عمران خان نے کہا تھا کہ جس نے سی سی ٹی وی فوٹیج چرائی، اسی نے 9 مئی کروائی۔
دوسری جانب سانحہ 9 مئی 2023 کو 3 سال مکمل ہوگئے ہیں جس کے بعد پولیس نے مقدمات اور عدالتی کارروائی کی جامع رپورٹ جاری کر دی ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق پنجاب میں کل 319 مقدمات درج ہوئے جن میں 35962 ملزمان نامزد جبکہ 11367 گرفتار کیے گئے۔

اسی طرح 319 مقدمات میں 307 کے چالان پیش ہو چکے ہیں جبکہ 12 کے چالان التواء کا شکار ہیں۔علاوہ ازیں 24595 تحریک انصاف کارکنوں کو نامعلوم ملزمان کی فہرست میں رکھا گیا ہے۔پولیس کے مطابق بانی چیئرمین تحریک انصاف و مرکزی قیادت ہر کیس میں ملزم ہے۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی کی پوری قیادت 9 مئی کیسز میں نامزد ہے۔ اب تک سانحہ 9 مئی کے 22 کیسوں کا فیصلہ ہوسکا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس دوران شاہ محمود قریشی بری ہوئے ہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ضلع راولپنڈی میں سانحہ 9 مئی کے 12 کیسز ہیں اور سب التواء کا شکار ہیں۔ جی ایچ کیو گیٹ ون، جی ایچ کیو گیٹ 4 مرکزی کیسز تاحال التواء کا شکار ہیں۔ جی ایچ کیو گیٹ ون کے 119 ملزم ہیں، 44 کے بیان ہوئے جبکہ جرح کسی پر نہ ہوسکی۔ ضلع راولپنڈی کے سانحہ 9 مئی کے 11 کیسز میں تاحال فرد جرم ہی نہیں لگی۔

سانحہ 9 مئی کے تمام کیسز ویڈیو لنک اور جیل ٹرائل نوٹیفکیشن کے تحت ہیں۔ ملٹری کورٹس نے حسان نیازی سمیت 32 ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی ہے جبکہ سانحہ 9 مئی کے 10 کیسز کا ملٹری کورٹ ٹرائل ہوا۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر یاسمین راشد، سابق گورنر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری، محمود رشید کو 10، 10 سال سزا ہوئی ہے۔ علامہ حامد رضا، شیخ وقاص، زرتاج گل، عمر ایوب کو بھی 10، 10 سال قید کی سزا ہوچکی ہے۔یاد رہے کہ چیف جسٹس پاکستان نے 9 مئی کیسز 4 ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔