رانا ثناء اللہ کے 50 ارکان کے ووٹ نہ دینے پر پرویز الٰہی کا ردعمل

ساری زندگی جس نے سچ نہیں بولا اسکا ذکر نہ کریں،آصف زرداری کا مشن بالکل ناکام ہو گیا،اسپیکر پنجاب اسمبلی

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 22 جولائی 2022 14:31

رانا ثناء اللہ کے 50 ارکان کے ووٹ نہ دینے پر پرویز الٰہی کا ردعمل
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 جولائی 2022ء ) وزیر اعلٰی پنجاب کیلئے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی پہنچے تو صحافی نے سوال داغ دیا اور چوہدری پرویز الٰہی سے پوچھا کہ رانا ثناء اللہ کہہ رہے ہیں کہ 50 ارکان ووٹ نہیں دیں گے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے برجستہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ساری زندگی جس نے سچ نہیں بولا،اسکا ذکر نہ کریں، جبکہ آصف زرداری کا مشن بالکل ناکام ہو گیا ۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ اب زیادہ دیر نہیں لگے گی 4 بجے تک سب کو پتہ چل جائے گا،ساری رات سب نے دعائیں کی ہیں کہ نمبرز میں اضافہ ہوجائے ۔ ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ میں تو گھر سے آ رہا ہوں جو فیصلے کل ہوئے وہیں آج ہوں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ تمام اقدامات آئین اور قانون کے مطابق ہوں گے۔

(جاری ہے)

ساتھی وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے دعا کریں،ساری رات سب نے دعائیں کی ہیں کہ نمبرز میں اضافہ ہوجائے،سپریم کورٹ کے حکم کے تحت پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آج ہوگا جہاں ضمنی الیکشن میں کامیابی کے بعد تحریک انصاف کے ارکان کی تعداد 178 ہوگئی ہے جب کہ اس کے اتحادی مسلم لیگ ق کے پاس 10 ارکان ہیں ، دونوں جماعتوں کے مجموعی طور پر 188 ارکان ہیں جب کہ 4 نشستیں جیتنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے ارکان کی تعداد 168 ہوگئی اور اس کے اتحایوں میں پیپلز پارٹی کے 7 ارکان، ایک رکن راہِ حق پارٹی اور تین آزاد ارکان شامل ہیں، یوں حمزہ شہباز کو 179 ارکان کی حمایت حاصل ہے، 17 جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوا جب کہ آزاد رکن پنجاب اسمبلی چوہدری نثار غیر فعال ہیں، پنجاب اسمبلی کے 371 کے ایوان میں (ن) لیگ کے 2 ارکان کے استعفوں کے بعد اس وقت بھی 2 نشستیں خالی ہیں۔