لمپی اسکن بیماری کسانوں کو معاشی طور پر کنگال کررہی ہی:پاسبان

پیر 15 اگست 2022 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2022ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے وائس چیئرمین رفیق خاصخیلی اور خلیل احمد تھند نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ لمپی اسکن بیماری اب سندھ کے بعد پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں بھی پھیل رہی ہے۔ محکمہ صحت اور لائیو اسٹاک کہاں سورہاے ہیں اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے پارلیمنیٹیرینز اس صورتحال پر کیوں خاموش ہیں وزیر اعظم شہباز شریف فوری نوٹس لیں۔

بگ تھری سیاسی جماعتیں بھی اس سلسلے میں کچھ نہیں کر رہیں۔ نورا کشتی چھوڑ کر کسانوں اور ان کے روزگار کو بچانے کے لئے کام کریں۔ جانوروں کے مرنے سے کسانوں کو نقصان ہورہا ہے۔ جانوروں میں پھیلنے والی یہ بیماری کسانوں کو معاشی طور پر کنگال بنا دے گی۔ اگر اس بیماری کی روک تھام کے لئے فوری اقدامات نہ کئے گئے تو یہ ملک بھر کے جانوروں میں پھیل کر اپنے خونی پنجے گاڑ لے گی، جس کے باعث دودھ اور گوشت کا بحران پیدا ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

اب تک پچاس فیصد جانور اس بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ خطرناک صورتحال سے بچنے کے لئے سیاستدان، پارلیمینٹیرینز ،ماہرین مویشیان اورویکیسن کی تیاری کے لئے کام کرنے والے سائنسدان سر جوڑ کر بیٹھیں تاکہ جلد از جلد اس بیماری کے پھیلائو کو روکنے اور سد باب کے لئے منصوبہ بندی کی جاسکے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پی ڈی پی کے وائس چیئرمین رفیق خاصخیلی اور خلیل احمد تھند نے مزید کہا کہ سندھ حکومت ، انتظامیہ ا، متعلقہ محکموں ور محکمہ لائیو اسٹاک کی بے حسی کی وجہ سے بڑی تعداد میں جانور لمپی اسکن نامی بیماری سے متاثر ہوئے جس کے باعث سندھ کے کسانوں کو معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ ان کے روزگار کاانحصار زراعت اور جانوروں پر ہوتا ہے۔

اب اس بیماری نے پنجاب اور کے پی کے کے جانوروں کو نقصان پہنچانا شروع کر دیا ہے لیکن بے حس سیاستدانوں اور حکمرانوں پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ بیماری سے متاثرہ جانوروں کی حالت دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے جس سے جانوروں کی اموات بھی ہو رہی ہیں۔تھرپارکر جیسے علاقے میں بھی لمپی اسکن سے سیکڑوں جانور ہلاک اوربیمار ہوگئے ہیں۔ ، ویکسین کی عدم دستیابی اورمحکمہ لائیو اسٹاک کی لاپرواہی کی وجہ سے جانورمالکان شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ پنجاب میں لوگوں کی 80فیصد معیشت انہی جانوروں سے وابستہ ہے۔ملک میں ویٹرنری ڈاکٹروں کی شدید کمی ہے جس کی وجہ سے جانوروں میں پھیلنے والی بیماریوں کا بر وقت علاج نہیں ہوپاتا۔