ٹک ٹاک پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے ساتھ شراکت دار بن گئی

پیر 15 اگست 2022 23:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2022ء) 13اکتوبر 2022کو پاکستانی سینما گھروں کی زینت بننے والی اس سال کی سب سے مہنگی ترین پاکستانی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کیلئے مشہور موبائل ایپلی کیشن ٹک ٹاک تفریحی شراکت دار بن گئی ہے۔ شائقین فلم ٹک ٹاک کے تعاون سے فلم ریلیز ہونے سے قبل نہ صرف فلمی ستاروں کے بارے میں جان سکیں گے بلکہ سینما گھروں کا بھی رخ کریں گے۔

بحیثیت تفریحی پارٹنر ٹک ٹاک شائقین فلم میں دلچسپی پیدا کرنے کیلئے ٹیزر ، ٹریلرز اور فلم سے متعلق ستاروں کی کلپ اپنی ایپلی کیشن پر جاری کرتا رہے گا۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ پاکستان میں ریلیز ہونے والی اب تک کی سب سے مہنگی ترین فلم ہے اور شائقین فلم تقریبا تین برس سے اس فلم کے ریلیز ہونے کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس فلم کیلئے ٹک ٹاک کے تعاون سے فلمی ستاروں کے کلپ سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں اور ان سے بات چیت بھی ممکن ہوسکے گی۔

فلمی ستاروں میں حمزہ علی عباسی، ماہرہ خان، فواد خان، علی عظمت ، مرزا گوہر رشید ، حمائمہ ملک اور فارس شفیع شامل ہیں جبکہ اسکرین پلے بلال لاشاری اور ناصر ادیب کے مکالموں نے 1979 میں ریلیز ہونے والی اصل کہانی مولا جٹ کو ایک نیا رنگ دیا ہے۔ اس فلم کی ہدایتکاری بلال لاشاری نے کی ہے جو باکس آفس کی میگاہٹ فلم وار سے بے پناہ مقبولیت حاصل کرچکے ہیں جبکہ پروڈیوسر عمارہ حکمت نے جوائنٹ وینچر کے تحت انسائیکلوپیڈیا اور لاشاری فلمز نے AAA موشن پیکرز کے اشتراک سے تیار کیا گیا۔

اس فلم کے ڈسٹری بیوٹرز مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے ندیم مانڈوی والا ہیں جن کی فلمی دنیا میں بے پناہ خدمات ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر یہ فلم مووی گورز انٹرٹینمنٹ کی جانب سے تقسیم کی جائے گی۔ٹک ٹاک تیزی سے تفریحی مواد کے لیے پاکستان کی ون اسٹاپ شاپ بنتا جا رہا ہے، جو فلموں، موسیقی، اداکاری، کھیل، خوراک، سفر، تعلیم اور فیشن سمیت مختلف زمروں میں کامیابی حاصل کرچکا ہے۔

پاکستان میں ٹک ٹاک کمیونٹی منفرد تفریحی مواد تخلیق کرتی ہے جس سے اس کے فالورز مستفید ہوتے ہیں، تخلیقی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہیں اور ثقافت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں ۔ دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے ساتھ یہ پارٹنرشپ مزید دلچسپ مواد لائے گی اور پاکستان کی بڑھتی ہوئی ٹک ٹاک کمیونٹی کی صلاحیتوں کو ظاہر کرے گی۔