پسند اور معیار کے اسکرپٹس نہ ملنے پر اداکارہ ماریہ واسطی ٹی وی ڈراموں سے دور

جمعرات 26 جون 2025 17:09

پسند اور معیار کے اسکرپٹس نہ ملنے پر اداکارہ ماریہ واسطی ٹی وی ڈراموں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)پاکستان شوبز کی ورسٹائل اداکارہ اور میزبان ماریا واسطی نے ٹی وی ڈراموں سے دوری کی وجہ اپنی پسند اور معیار کے اسکرپٹس نہ ملنے کو قرار دے دیا۔ماریا واسطی ایک ہمہ جہت پاکستانی اداکارہ ہیں جنہوں نے بے شمار کامیاب ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔انہوں نے نوے کی دہائی کے اوائل میں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا اور جلد ہی اپنی پہچان بنا لی۔

(جاری ہے)

ان کے مشہور ڈراموں میں کلو، نیند، بوٹا فرام ٹوبہ ٹیک سنگھ، آشیانہ، بری عورت، مالکین، ملکہ علیا اور رہائی شامل ہیں۔آج کل ماریا واسطی ٹی وی ڈراموں میں نظر نہیں آرہی ہیں۔ ایک نجی چینل کے پروگرام میں انہوں نے اس موضوع پر کھل کر بات کی۔شو میں گفتگو کرتے ہوئے ماریا واسطی نے انکشاف کیا کہ وہ ڈراموں سے کچھ فاصلے پر اس لیے ہیں کیونکہ وہ یکسانیت اور معیار سے ہٹ کر بننے والے عام پروجیکٹس کا حصہ بننے سے گریز کرتی ہیں۔ماریا موضوعات کے انتخاب میں محتاط رہتی ہیں، خاص طور پر معاشرتی مسائل پر مبنی کہانیوں میں۔ اس لیے وہ صرف ایسے پروجیکٹس کرتی ہیں جن میں وہ گہرائی سے شامل ہوں۔