گورنمنٹ اسلامیہ کالج میں جشن آزادی کے حوالے سے پاکستان پلاٹینم جوبلی تقریبا ت

کالج سٹاف حاضر اور سابق طلبہ نے پرنسپل پروفیسر طاہر جاوید کی قیادت میں کالج کے مختلف مقامات پر پووے لگائے

منگل 16 اگست 2022 16:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2022ء) گورنمنٹ اسلامیہ کالج لاہور میں قیام پاکستان پلاٹینم جوبلی کے حوالے سے تقریبات کا آغاز شجرکاری سے ہوا،کالج سٹاف حاضر اور سابق طلبہ نے پرنسپل پروفیسر طاہر جاوید کی قیادت میں کالج کے مختلف مقامات پر پووے لگائے ،یوم آزادی کے موقع پر نسپل کی صدارت میں تقریب منعقد ہوئی ، نقابت کے فرائض پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے قائم مقام صدر پروفیسر زاہد اعوان نے انجام دیئے،تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا ، آئی کام پارٹ II کے طالبعلم فرحان احمدنے میاں بشیر احمد کی مشہور نظم ’’ ملت کا پاسباں ہے محمد علی جناح‘‘ ترنم سے پڑھتے ہوئے قائد اعظم کو نذرانہ عقیدت پیش کیا ، پرنسپل نے تقریب میں طلبا ء اور اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلامیہ کالج لاہور برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے - اسلامیہ کالج نے اس خطے کے مسلمانوں میں آزادی کا جو شعور بیدار کیا اس کی بدولت پاکستان معرض وجود میں آیا، کالج کیلئے یہ ایک بہت بڑے اعزاز کی بات ہے کہ قائد اعظم ؒ یہاں گیارہ مرتبہ تشریف لائے - لفظ ’’ پاکستان ‘‘ کے خالق چوہدری رحمت علی اور تحریک پاکستان کے پہلے شہید محمد مالک کا تعلق اسی کالج سے تھا ۔