Live Updates

عمران خان کیخلاف بیان دلوانے کیلئے شہبازگل کا دوبارہ جسمانی ریمانڈ لیا گیا

جسمانی ریمانڈ لینے کا مقصد مزید تشدد کرنا اور من گھڑت بیان دلوانا ہے، عمران خان کا سیاسی مقابلہ نہیں کیا جاسکتا اس لیے ایک بیانیہ بنایا جارہا ہے۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر کی پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 17 اگست 2022 17:05

عمران خان کیخلاف بیان دلوانے کیلئے شہبازگل کا دوبارہ جسمانی ریمانڈ ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اگست 2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان کیخلاف بیان دلوانے کیلئے شہبازگل کا دوبارہ جسمانی ریمانڈ لیا گیا، جسمانی ریمانڈ لینے کا مقصد مزید تشدد کرنا اور من گھڑت بیان دلوانا ہے، عمران خان کا سیاسی مقابلہ نہیں کیا جاسکتا اس لیے ایک بیانیہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں اسد قیصر اور پرویز خٹک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جب شہبازگل کا موبائل فون آپ کے پاس موجود ہے تو پھر دوبارہ جسمانی ریمانڈ کی کیوں ضرورت پیش آئی؟ اس سے قبل جب جسمانی ریمانڈ دیا گیا تو ان پر تشدد کیا، جو بیان دلوانا چاہتے تھے وہ شہبازگل نے نہیں دیا، اب دوبارہ جسمانی ریمانڈ لینے کا مقصد مزید تشدد کرنا اور من گھڑت بیان دلوانا ہے، ایسا بیان جس کا نشانہ عمران خان ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالت نے ریمانڈ دے دیا ہے لیکن اب یقینی بنایا جائے کہ شہبازگل پرتشدد نہ کیا جائے۔ ہمارے لولوگوں کو پتا ہونا چاہیے کہ شہبازگل کو کہاں رکھا گیا ہے، شہبازگل سوالات جوابات سے نہیں گھبراتے، ان سے جو پوچھنا پوچھیں وہ جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج میں خواجہ آصف کی پریس کانفرنس سن رہا تھا کہہ رہے تھے ہیلی کاپٹر کریش ہوا تو پی ٹی آئی نے شہدا کے خلاف باقاعدہ مہم چلائی پھر کہا گیا کہ پی ٹی آئی رہنماء جنازے میں نہیں گئے، جبکہ میں ، اسد قیصر پرویز خٹک ہم جنازے میں گئے تھے، قوم کو سمجھنا ہوگا کہ انتہائی گھناؤنی سازش کی جارہی ہے، ان سب کی دکانیں بند ہورہی ہیں، عمران خان ان سے سنبھالا نہیں جارہا، ضمنی الیکشن میں پنجاب عوام نے ان سے چھین لیا ہے۔

الیکشن کے بعد ان کو پتا چل گیا ہے عمران خان ان سے سیاسی لحاظ سے نہیں سنبھالا جائے گا۔عمران خان کو قابو کرنے کیلئے امپورٹڈ حکومت بیانیہ بنانے کی کوشش کررہی ہے، کوشش کررہی کہ مقبول جماعت پی ٹی آئی کا فوج کے ساتھ تصادم کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا ووٹرز، سپورٹرز پاکستان کے ہرعلاقے میں ہے، اور عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات