میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس میںبچوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کی طرف راغب کرنے کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ

منگل 20 ستمبر 2022 22:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2022ء) سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت 90شاہراہ قائد اعظم پر پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کا پانچواں اجلاس منعقد ہوا جس میںبچوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کی طرف راغب کرنے کے لئے موثر اقدامات اٹھانے کا فیصلہ ہوا۔اجلاس میں پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی رجسٹریشن ریگولیشنز برائے اسسمنٹ ایجنسز ،انسپیکشن مانیٹرنگ اینڈ ایوالیویشن ریگولیشنز 2022ء اور اداروں کے لیے آپریشنل مینول 2022 ء اور اکیڈمک کلینڈر برائے سال 2022-23 کی بھی منظوری دی گئی۔

عوام کی سہولت کے لیے غیر منظور شدہ اداروں کی فہرست اورتکنیکی اداروں کی ڈسٹرکٹ پروفائل کا اجراء بھی کیا گیا۔ سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ڈی اے کو ریگولیٹر کے ساتھ سہولت کار کا بھی کردار ادا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ایسی پالیسیاں بنائی جائیں جن سے ہنر سیکھنے والے کمزور طبقات کے بچوں کو فائدہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ روایتی طریقوں سے ہٹ کر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کورسز بنائے جائیں اورکورسز کی تیاری میں سٹیک ہولڈرز کی مشاورت بھی لی جائے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ پرائیوٹ سیکڑ کی حوصلہ افزائی کر کے انہیں ٹیوٹ سیکڑ کی طرف راغب کیا جائے تاکہ انڈسٹری اور عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار کی جا ئے۔پی ایس ڈی اے فری لانسنگ اور سوفٹ سکلز کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دینے کیلئے عملی کردار ادا کرے۔سینئرصوبائی وزیر نے ڈی جی پی ایس ڈی اے اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

ڈی جی پی ایس ڈی اے معظم اقبال سپرا نے تکینکی اداروں کی آن لائن رجسٹریشن کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تکنیکی اداروں کی آن لائن رجسٹریشن کے لئے 1200 سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ ممبر صوبائی اسمبلی سمیرا حمد، سیکرٹری صنعت وتجارت ڈاکٹر احمدجاوید قاضی، سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن اور بورڈ ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔