Live Updates

خیبرپختونخواہ حکومت مضبوط ہے ہمارا کوئی رکن اسمبلی کہیں نہیں جارہا

تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق رکھنے والے حقیقت دیکھ لیں گے، گورنر ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے وہ ایسے ہی بیانات دیتے رہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 4 جولائی 2025 20:44

خیبرپختونخواہ حکومت مضبوط ہے ہمارا کوئی رکن اسمبلی کہیں نہیں جارہا
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 04 جولائی 2025ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ گورنر ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے وہ ایسے ہی بیانات دیتے رہتے ہیں،تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق رکھنے والے حقیقت دیکھ لیں گے۔ انہوں نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مضبوط ہے ہمارا کوئی رکن اسمبلی کہیں نہیں جارہا ،تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق رکھنے والے حقیقت دیکھ لیں گے۔

بجٹ منظورنہ ہوتا تو ہماری حکومت جاتی اور قصور ہمارا ہوتا، بجٹ پیش نہ کرنے کا پروپیگنڈا اپنوں کا تھا، پارٹی پیٹرن انچیف نے بجٹ منظور ی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صرف دو ارکان نے بجٹ کے حق میں ووٹ نہیں دیادنیا سب جانتی ہے کہ وہ کس کے لوگ ہیں۔اس وقت اسمبلی میں تمام ارکان آزاد حیثیت رکھتے ہیں، میں پی ٹی آئی کا رکن ہوں اور کاغذات نامزدگی میں پارٹی لکھی ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹ انتخابات سے متعلق مشاورت کی جائے گی، گورنر ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے وہ ایسے ہی بیانات دیتے رہتے ہیں۔ مخصوص نشستوں کی بنیاد پر عدالت سے رجوع کریں گے۔ یاد رہے گورنرخیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے گزشتہ روز ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ ملاقات ہوتی رہتی ہے لیکن جب ملاقات ہوتی ہے تو سیاست پر بھی بات ہوجاتی ہے، اگر وفاقی یا صوبائی اسمبلیوں میں اپوزیشن کے پاس ایک ممبر بھی زیادہ ہے تو عدم اعتماد کی تحریک لانا ان کا جمہوری حق ہے۔

ہم وفاق میں عدم اعتماد کے ذریعے وزیراعظم کو ہٹا دیا تھا، اب اگر کے پی اسمبلی میں اپوزیشن کے پاس ممبران کا تعداد زیادہ ہوگی تو عدم اعتماد کی تحریک لانا غیرجمہوری نہیں ہوگا۔پی ٹی آئی کہتی ہم بجٹ منظور نہیں کریں گے جب تک بانی سے ملاقات نہیں ہوتی، اب یہ بتائیں اگر آپ کی 30جون تک ملاقات نہ ہوتی تو بجٹ پاس بھی نہ ہوتا تو پھر صوبے میں ایمرجنسی ہوتی۔ یہ خود ہی بات کرتے ہیں اور پھر خود ہی اس کا توڑ نکالتے ہیں۔ پیپلزپارٹی ہارس ٹریڈنگ پر یقین نہیں رکھتی جب بھی تبدیلی آئے گی جمہوری انداز میں ہوگی۔خیبرپختونخواہ میں مخصوص نشستوں کے بعد اپوزیشن ارکان کی تعداد 54ہوجائے گی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات