پیپلزپارٹی کی حکومت نے کراچی کو تباہ و برباد کر دیا

عوام کو مرنے کے لیے چھوڑ دیا، امیر جماعت اسلامی نے پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کو سانحہ لیاری کا ذمے دار قرار دے دیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 5 جولائی 2025 00:19

پیپلزپارٹی کی حکومت نے کراچی کو تباہ و برباد کر دیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جولائی2025ء) امیر جماعت اسلامی نے پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کو سانحہ لیاری کا ذمے دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے کراچی کو تباہ و برباد کر دیا، عوام کو مرنے کے لیے چھوڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں ملبے کے نیچے دب کر جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے حکمران اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حادثے کی ذمہ دار ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت نے ملک کے سب سے بڑے شہر کو تباہ و برباد کر دیا ہے اور عوام کو مرنے کے لیے چھوڑ دیا۔ انھوں نے کہا کہ کراچی میں مختلف مافیاز حکومت کی سرپرستی میں کام کر رہے ہیں،قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہوتی ہے اور کرپشن عام ہے۔

(جاری ہے)

پی پی گزشتہ دودہائیوں سے صوبے پر قابض ہے، کراچی کا قبضہ میئر اور صوبائی حکومت سے عوام سوال پوچھ رہے ہیں کہ ان کی کارکردگی کیا ہے؟ انھوں نے کہا کہ حادثے کے ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی اور متاثرین کی داد رسی کی جائے۔

واضح رہے کہ سانحے کے نتیجے میں اب تک 11 افراد جاں بحق ہو چکے۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے لیاری میں جمعہ کی صبح کو رہائشی عمارت گرنے کے افسوسناک سانحے کے بعد سندھ حکومت کی انتظامیہ نے بے حسی کی انتہاء کر دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لیاری میں عمارت گرنے اور اموات ہونے کے سانحے کے 13 گھنٹے بعد کمشنر کراچی کی جائے وقوعہ پر آمد ہوئی۔ اس دوران کمشنر کراچی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سانحے کے حوالے سے انتظامیہ پر تنقید نہ کرنے کی اپیل کرتے رہے۔ جبکہ عمارت کا ملبہ ہٹانے اور عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مصروف ریسکیو اہلکار بھی آپس میں لڑ پڑے۔ عمارت سے نکالے جانے والی ایک لاش پر کپڑا ڈالنے کے معاملے پر ریسکیو اہلکاروں میں جھگڑا ہوا۔