Live Updates

بانی پی ٹی آئی مائنس ہوگئے وہ اب سیاست میں اہم نہیں رہے

خیبرپختونخواہ میں ہمیں تحریک عدم اعتماد لانے کی ضرورت نہیں، پی ٹی آئی نے خیبرپختونخواہ کو تباہ کردیا عوام کا ان کا احتساب کریں گے۔ وزیرمملکت برائے قانون بیرسٹر عقیل ملک

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 4 جولائی 2025 21:39

بانی پی ٹی آئی مائنس ہوگئے وہ اب سیاست میں اہم نہیں رہے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 04 جولائی 2025ء ) وزیرمملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی مائنس ہوگئے وہ اب سیاست میں اہم نہیں رہے، خیبرپختونخواہ میں ہمیں تحریک عدم اعتماد لانے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے خیبرپختونخواہ کو تباہ کردیا عوام کا ان کا احتساب کریں گے، ہمیں کیا ضرورت ہے کہ آخری مرحلے میں سارا ملبہ اپنے سر لے لیں، خیبرپختونخواہ میں ہمیں تحریک عدم اعتماد لانے کی ضرورت نہیں۔

گورنر کے پی اور ایمل ولی کی وزیراعظم سے ملاقاتیں معمول کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ خان نے خود بتادیا کہ عمران خان کا اسٹیٹس کیا ہے؟بانی پی ٹی آئی مائنس ہوگئے وہ اب سیاست میں اہم نہیں رہے، جو سیاستدان موجود ہیں ان کے ساتھ بات ہونی چاہیئے، بانی پی ٹی آئی جماعت کے سربراہ ہیں لیکن وہ جیل میں ہیں، بانی پی ٹی آئی کی جماعت ایوان میں ہے ان سے بات چیت ہونی چاہئے۔

(جاری ہے)

  وزیرمملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی احتجاج ضرور کرے ہم نے کبھی انکار نہیں کیا، احتجاج اور انتشار میں فرق ہے ان کو انتشار نہیں پھیلانے دیں گے، پی ٹی آئی اس وقت خود کو تباہ کرنے کے موڈ میں چل رہی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ گورنر ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے وہ ایسے ہی بیانات دیتے رہتے ہیں،تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق رکھنے والے حقیقت دیکھ لیں گے۔ انہوں نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مضبوط ہے ہمارا کوئی رکن اسمبلی کہیں نہیں جارہا ،تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق رکھنے والے حقیقت دیکھ لیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات