Live Updates

کےپی اسمبلی میں ایمل ولی کی خواہش جلد پوری ہونے جارہی ہے

مولانا فضل الرحمان اور ساری اپوزیشن خوش ہوگی جبکہ حقیقی پی ٹی آئی یوم نجات منائےگی، عدم اعتماد کیلئے نمبر گیم مشکل ٹاسک ہے لیکن ناممکن نہیں۔ گورنر فیصل کریم کنڈی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 4 جولائی 2025 22:04

کےپی اسمبلی میں ایمل ولی کی خواہش جلد پوری ہونے جارہی ہے
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 04 جولائی 2025ء ) گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کے پی اسمبلی میں ایمل ولی کی خواہش جلد پوری ہونے جارہی ہے، مولانا فضل الرحمان اور ساری اپوزیشن خوش ہوگی جبکہ حقیقی پی ٹی آئی یوم نجات منائے گی،عدم اعتماد کیلئے نمبر گیم مشکل ٹاسک ہے لیکن ناممکن نہیں۔ انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سے معمول کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، وزیراعظم سے ہمیشہ اہم ملاقات ہی ہوتی ہے، وہ وزیراعظم ہیں، ان سے ملاقات میں تحریک عدم اعتماد کی بات نہیں ہوئی۔

مخصوص نشستوں کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کو پتا نہیں کون سا فوبیا ہوگیا کہ تحریک عدم اعتماد آرہی ہے، جب تک اسمبلی میں نمبرز گیم پوری نہیں ہوتی تو کیسے عدم اعتماد لاسکتے ہیں؟کے پی میں اگر اپوزیشن کے پاس ایک نمبر بھی زیادہ ہوگا تو عدم اعتماد لانا ان کا جمہوری حق ہے، باقی اسمبلیوں میں اگر وہاں کی اپوزیشن کے پاس ایک نمبر بھی زیادہ ہوگا تو عدم اعتماد لاسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

عدم اعتماد کی بات نمبر گیم کی بنیاد پر ہوسکتی ہے۔عدم اعتماد کیلئے نمبر گیم مشکل ٹاسک ہے لیکن ناممکن نہیں، سیاست میں کچھ بھی حرف آخر نہیں ہوتا۔کے پی اسمبلی میں اپوزیشن کے پاس 53نمبرز ہیں ، 30آزاد ارکان ہیں، انہوں نے بھی فیصلہ کرنا ہے کہ کس طرف جانا ہے۔ پی ٹی آئی خائف ہے کیونکہ ان کو اپنے ممبران پر اعتماد نہیں ہے۔ جب تحریک عدم اعتماد کیلئے نمبرز پورے ہوجائیں گے تو ہم بتا بھی دیں گے، پہلے ہم نے ان کے لیڈر عمران خان کو بھی عدم اعتماد کے ذریعے نکال دیا تھا۔

علی امین گنڈاپور کا چیلنج ان کی بوکھلاہٹ ہے۔کے پی اسمبلی میں ایمل ولی کی خواہش جلد پوری ہونے جارہی ہے، مولانا فضل الرحمان اور ساری اپوزیشن خوش ہوگی جبکہ حقیقی پی ٹی آئی یوم نجات منائے گی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مضبوط ہے ہمارا کوئی رکن اسمبلی کہیں نہیں جارہا ، تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق رکھنے والے حقیقت دیکھ لیں گے۔

بجٹ منظورنہ ہوتا تو ہماری حکومت جاتی اور قصور ہمارا ہوتا، بجٹ پیش نہ کرنے کا پروپیگنڈا اپنوں کا تھا، پارٹی پیٹرن انچیف نے بجٹ منظور ی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صرف دو ارکان نے بجٹ کے حق میں ووٹ نہیں دیادنیا سب جانتی ہے کہ وہ کس کے لوگ ہیں۔اس وقت اسمبلی میں تمام ارکان آزاد حیثیت رکھتے ہیں، میں پی ٹی آئی کا رکن ہوں اور کاغذات نامزدگی میں پارٹی لکھی ہے۔ سینیٹ انتخابات سے متعلق مشاورت کی جائے گی، گورنر ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے وہ ایسے ہی بیانات دیتے رہتے ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات