بابا ئے جمہوریت نوابزادہ نصراللہ خان کی 19 ویں برسی ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی

پیر 26 ستمبر 2022 23:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2022ء) پاکستان کے مایہ ناز سیاستدان بابا ئے جمہوریت نوابزادہ نصراللہ خان کی 19 ویں برسی ملک بھر کے طول عرض کے علاوہ ان کے ا ٓبائی علاقہ خان گڑھ میں نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ان کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کی گئی۔اس موقع پر مختلف سیاستدانوں، دانشوروں،مفکروں اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

مقررین نے اپنے اپنے خطاب میں انہیں زبر دست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوابزادہ نصراللہ خان نے جمہوریت کیلئے طویل جدو جہد کی جس کی بنا پر انہیں بابا ئے جمہوریت کا لقب دیا گیا۔مقررین نے نوابزادہ نصراللہ خان کی جمہوریت کو پروان چڑھانے کیلئے کی جانے والے جدو جہد اور خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ا پنی زندگی کے دوران نوابزادہ نصراللہ خان اختلاف رائے کی ایک مستقل آواز اور آمرانہ حکومتوں کے خلاف صلیبی جمہوریت پسند تھے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ نو اب زادہ نصر اللہ خان ایک سیاست دان کے علاوہ وہ خطاط اور شاعر بھی تھے۔ انہوں نے اپنی شاعری کی 2 جلد یں تیار کیں، بلکہ اردو اور فارسی کے دیگر سینکڑوں اشعار بھی دل سے یاد رکھے۔نوابزادہ نصر اللہ خان کی گہرے اچکن، ترکی ٹوپی اور حقہ کے ساتھ ایک مخصوص شکل تھی۔ وہ جنوبی ایشیائی ثقافت، روایت اور فکر سے جڑے ہوئے تھے۔مقررین نے نوا بزادہ نصراللہ خان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاکرتے ہوئے کہا کہ ان کا شفاف سیاسی کیریئر کئی دہائیوں پر محیط ہے۔مقررین نے نوابزادہ کی وفات کو قومی نقصان قرار دیا اور ملک میں جمہوریت کی مکمل بحالی کے لیے ان کے مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔