شازیہ مری کا اپنے آبائی حلقے سانگھڑ کے سیلاب متاثرہ مختلف علاقوں کا دورہ،ریلیف اور بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا

اتوار 2 اکتوبر 2022 19:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2022ء) وفاقی وزیر برائے محکمہ تخفیف غربت اور سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے اتوارکو اپنے آبائی حلقے سانگھڑ این اے 216 کے تحصیل سانگھڑ اور سنجھورو کے مختلف یونین کونسلز اور گائو ں کاتفصیلی دورہ کرکے مجموعی پانی کی صورتحال اور ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر شازیہ مری نے اپنے حلقے سانگھڑ کے یونین کونسلز 35 اور36 کے مختلف گائو ں کریم داد مری، امام بخش ٹالپر، دل شاخ، بھوبی، قیصرخان جلالانی، نصیرخان جلالانی، حاصل مری، پیرومل اور ودیگر علاقوں کادورہ کرکے پانی کی صورتحال اور ریلیف و بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا جبکہ وفاقی وزیر نے گاو ں امام بخش ٹالپر اور نواز ملوکانی کے مقام پر پہنچ کر سیم نالوں کا معائنہ بھی کیا۔

(جاری ہے)

ضلع سانگھڑ میں سیلاب کی مجموعی پانی صورتحال، ریلیف اور بحالی کے کاموں پر متعلقہ افسران نے انہیں بریفنگ دی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر شازیہ مری نے متعلقہ افسران کوسخت ہدایات کی کہ وہ سانگھڑ ضلع کے چند علاقوں میں کھڑے سیلاب کے پانی کی تیزی سے نکاسی کو یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے۔ وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہاکہ حالیہ سیلاب سے ضلع سانگھڑ شدید متاثر ہوا ہے اور لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلع سانگھڑ کے ہزاروں سیلاب متاثرین میں راشن، خیمے، ترپال، مچھردانیاں تقسیم کی گئی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔دورے کے دوران وفاقی وزیر شازیہ مری نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی ان سے تقسیم کردہ امدادی سامان اور درپیش تکالیف کے بارے میں بھی دریافت کیا۔

متعلقہ عنوان :