سیاسی جماعتوں میں اختلافات کے خاتمے کیلئے مذاکرات ضروری ہیں‘ یوسف رضا گیلانی

دنیا امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کررہی ہے، امن کا قیام پائیدارترقی اورخوشحالی کے لیے ناگزیرہے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پرفخرہے،پاکستان نے جرات، حکمت اور یکجہتی سے اپنی خودمختاری کا دفاع کیا‘ چیئرمین سینیٹ

اتوار 17 اگست 2025 20:30

سیاسی جماعتوں میں اختلافات کے خاتمے کیلئے مذاکرات ضروری ہیں‘ یوسف ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں میں اختلافات کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا فروغ ضروری ہے ،امریکی صدر نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا ہے،دنیا امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کررہی ہے، امن کا قیام پائیدارترقی اورخوشحالی کے لیے ناگزیرہے، ملکی خود مختاری اور سلامتی کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان اقبال میںوارث میر فائونڈیشن کے زیر اہتمام ’’بھارت پر پاکستان کی عسکری اور سفارتی فتوحات کے عالمی اثرات‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سیمینار سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام چاہتا ہے ، بھارت ایک انتہا پسند ریاست ہے، بھارت خطے کا امن اوراستحکام خراب کرنا چاہتا ہے۔

بھارتی جارحیت کے دوران ہمارے میڈیا نے ذمہ دارانہ کردارادا کیا، بھارتی جارحیت کے خلاف دوست ملکوں نے پاکستانی موقف کی بھرپورحمایت کی، بھارتی جارحیت کے خلاف سفارتی محاذ پربھی کامیابی حاصل ہوئی، مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پرفخرہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جرات، حکمت اور یکجہتی سے اپنی خودمختاری کا دفاع کیا،پاہلگام واقعے پر بھارت کا جھوٹا پراپیگنڈا دنیا کے سامنے بے نقاب ہوا،پاکستان نے دفاع کے ساتھ تحمل کا مظاہرہ کیا تاکہ کشیدگی نہ بڑھے۔

انہوںنے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد امن کی خاطر مذاکرات اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی،پارلیمنٹ نے متفقہ قراردادوں سے افواج کی حمایت اور موقف اجاگر کیا،بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارلیمانی وفد کے عالمی رابطے کامیاب رہے،پاکستان کو برادر اسلامی ممالک، چین، برطانیہ، یورپی یونین اور امریکہ کی حمایت حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مثبت بیانات پاکستان،امریکہ تعلقات کے نئے دور کی نشاندہی ہیں،پاکستان کے سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہونا عالمی اعتماد کا ثبوت ہے،امن و استحکام ہی خوشحالی کی بنیاد ہیں، معاشی اشاریے بہتری کی نشاندہی کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نومبر 2025 میں پاکستان انٹرپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کی میزبانی پاکستان کرے گا،45 سے زائد ممالک کے اسپیکرز اور بین الاقوامی پارلیمانی سربراہان کی شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت، انصاف اور قانون کی حکمرانی ہی پائیدار امن کی ضمانت ہیں۔