چوہدری پرویزالہٰی کا پنجاب میں 5 نئے اضلاع بنانے کا اعلان

تونسہ شریف، مری، وزیرآباد، تلہ گنگ اور کوٹ ادو کو اضلاع بنانے کی منظوری دے دی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 14 اکتوبر 2022 15:23

چوہدری پرویزالہٰی کا پنجاب میں 5 نئے اضلاع بنانے کا اعلان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 14 اکتوبر 2022ء ) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے صوبے میں 5 نئے اضلاع بنانے کا اعلان کردیا، تونسہ شریف، مری، وزیرآباد، تلہ گنگ اور کوٹ ادو کو اضلاع بنانے کی منظوری دے دی گئی، محسن لغاری کے مطالبے پر جام پور کو ضلع بنانے پر بھی کام شروع کردیا گیا۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں تونسہ کو ضلع بنانے کا اعلان کیا تھا، 2018ء میں تلہ گنگ کو ضلع بنانے کا اعلان کیا، نئے اضلاع بننے سے انتظامی امور میں بہتری آئے گی، نئے انتظامی ضلع بننے سے تعلیم، صحت اور دیگر سہولتوں میں اضافہ ہوگا، نئے اضلاع بننے سے ترقی کے ثمرات عوام کی دہلیز تک پہنچیں گے، نئے اضلاع کو مالی خود مختاری کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔

اس سے پہلے صوبہ پنجاب میں 3 نئے اضلاع کی منظوری دی گئی تھی، اس وقت تونسہ شریف، کوہسار اور وزیر آباد کو اضلاع بنانے کے بارے میں سمری متعلقہ محکموں کو ارسال کی گئی، تونسہ اور کوہسار کو اضلاع بنانے کا عمل سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے دور میں شروع کیا گیا تھا تاہم اب وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے صوبے میں 5 نئے اضلاع بنانے کا اعلان کردیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پنجاب کی صوبائی کابینہ نے احساس راشن رعایت پروگرام کی منظوری دے دی، جس کے تحت صوبے کے عوام کو آٹے، دال، گھی یا کوکنگ آئل پر40 فیصد تک رعایت ملے گی، پنجاب احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا کہ پنجاب کابینہ نے 100 ارب روپے کے احساس راشن رعایت پروگرام کی منظوری دے دی ہے، جس سے 80 لاکھ گھرانے مستفید ہوں گے جنہیں آٹے، دال،گھی یا پکانے کے تیل پر 40 فیصد تک رعایت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آج سے رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا ہے، جو گھرانے اس پروگرام سے مستفید ہونا چاہتے ہیں وہ اپنی رجسٹریشن کروائیں اس کے علاوہ کریانہ دکاندار بھی رجسٹریشن کروائیں جب کہ جو دکاندار پہلے سے پروگرام میں شامل تھے ان کو دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہے، دکانداروں کو ہر سبسڈی سیل پر 8 فیصد کمیشن اور ہر سہ ماہی میں قرعہ اندازی کے ذریعے قیمتی انعامات دیئے جائیں گے۔