حویلیاں ،بابا حیدر زمان کی چوتھی برسی کے موقع پر ریلی کا انعقاد

پیر 24 اکتوبر 2022 20:30

حویلیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2022ء) تحریک صوبہ ہزارہ کے مرحوم قائد بابا حیدر زمان کی چوتھی برسی کے موقع پرچیئرمین ویلج کونسل دیوال و رہنماء تحریک صوبہ ہزارہ سردار اسد جاوید کی قیادت میں ریلی کا انعقاد کیا گیا. دیوال سے حویلیاں ریلی میں درجنوں گاڑیوں کا قافلہ اور سینکڑوں افراد شریک ہوئے۔ یہ ریلی حویلیاں امیر معاویہ چوک سے ہوتی ہوئی ایوب پل حویلیاں پہنچی اور دیگر ریلیاں اس میں شامل ہو کر ایبٹ آباد روانہ ہوئیں۔

(جاری ہے)

اس موقع رہنماء تحریک صوبہ ہزارہ سردار اسد جاوید نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ ہزارہ ہزارے وال قوم کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ ہزارہ کےقیام کےلئے اسی نظریہ کے تحت بابا حیدر زمان نے ساری عمر جہدوجہد کی اور آج ہم بھی عہد کرتے ہیں کہ بابا حیدر زمان مرحوم کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہزارے وال قوم کی تعمیر وترقی کے جو خواب بابا حیدر زمان مرحوم نے دیکھے انھیں عملی جامہ پہنانے کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا. انھوں ہزارے وال قوم کے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے بہترین مستقبل کے تحریک صوبہ ہزارہ کے ہاتھ مضبوط کریں۔