پی ایس ایل 8 ، لاہور قلندرز کو پہلا کھلاڑی منتخب کرنے کا اختیارمل گیا

غیر ملکی کھلاڑیوں کیلئے پلیئر رجسٹریشن ونڈو بھی کھلی ہے ،ہمیں حوصلہ افزا ردعمل مل رہا ہے اگلے سال کا ایونٹ چار مقامات کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان پر کیا جائے گا‘ڈائریکٹر عثمان واہلہ

منگل 1 نومبر 2022 16:52

پی ایس ایل 8 ، لاہور قلندرز کو پہلا کھلاڑی منتخب کرنے کا اختیارمل گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2022ء) پاکستان سپر لیگ 2023ء کے ایڈیشن کیلئے چمپئن لاہور قلندرز کو پہلے پلاٹینم کیٹگری کے کھلاڑی کو منتخب کرنے کا اختیار لاہور قلندر کو مل گیا۔پی سی بی کے مطابق پک آرڈر کا فیصلہ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا جس میں تمام 6فرنچائزز کے نمائندوں نے اس میں حصہ لیا۔قلندرز کے پہلے انتخاب کے بعد 2019ء ایڈیشن کے فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور 2021ء کے چمپئن ملتان سلطانز بالترتیب دوسرے اور تیسرے کھلاڑی کا انتخاب کریں گے، چوتھا اور پانچواں انتخاب 2020ء کی فاتح کراچی کنگز اور دو بار کی چیمپئنز 2016اور 2018اسلام آباد یونائیٹڈ کریں گے۔

2017ء میں پاکستان میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل کا پہلا فائنل جیتنے والی پشاور زلمی چھٹی کا انتخاب کرے گی۔

(جاری ہے)

اگلے 17 رائونڈ کا فیصلہ ایک خصوصی شماریاتی ٹول کے ذریعے کیا گیا۔پی ایس ایل 8 کے ڈائریکٹر عثمان واہلہ نے کہا کہ ہم نے اپنے فلیگ شپ ایونٹ کے لیے چھوٹے سنگ میل طے کیے ہیں اور پی ایس ایل 2023ء کے لیے پک آرڈر اہداف میں سے ایک تھا،غیر ملکی کھلاڑیوں کے لیے پلیئر رجسٹریشن ونڈو بھی کھلی ہے اور ہمیں حوصلہ افزا ردعمل مل رہا ہے جو پی ایس ایل کی ساکھ کا ثبوت ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ ٹاپ کھلاڑی اس کا کتنا حصہ بننا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلے سال کا ایونٹ چار مقامات کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان پر کیا جائے گا، ہم اس ایونٹ کو نہ صرف اس کے قد اور شہرت کے مطابق پیش کرنے کے لیے انتہائی محنت کر رہے ہیں، بلکہ ایونٹ کو مزید تماشائی بنانے کے لیے چند اقدامات بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔پی ایس ایل 2023ء کے پلیئر ڈرافٹ کے بارے میں مزید تفصیلات کا اعلان وقت پر کیا جائے گا۔