Live Updates

3 ذمہ دار لوگوں کے استعفے کے بغیر شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے، عمران خان

مجھے معلوم ہے کہ واقعہ میں کون ملوث ہے ان کے خلاف ایف آئی آر کٹوانا چاہتا ہوں‘ پنجاب میں ہماری حکومت ہے لیکن اب تک ایف آئی آر درج نہیں کرا پائے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 6 نومبر 2022 15:42

3 ذمہ دار لوگوں کے استعفے کے بغیر شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے، عمران خان
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 نومبر 2022ء ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ 3 ذمہ دار لوگوں کے استعفے کے بغیر شفاف انتخابات نہیں ہوسکتے، اعظم سواتی نے اپنے اوپر ہونے والے تشدد پر ہر فورم پر بات کی، ارشد شریف کے معاملے پر بھی جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، آئی جی سے جب پوچھا کیسے ملزم کی ویڈیو لیک ہوئی تو کہتا ہے کہ یہ ہیک ہوگئی ہے، ملزم کی ویڈیو کیسے لیک ہوئی اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

شوکت خانم ہسپتال سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں اپنی پارٹی اور قوم سے 3ایشوز پر بات کرنا چاہتا ہوں، 3دن ہوگئے ہیں پنجاب میں ہماری حکومت ہے لیکن اب تک ایف آئی آر درج نہیں کرا پائے، مجھے معلوم ہے کہ واقعہ میں کون ملوث ہے ان کے خلاف ایف آئی آر کٹوانا چاہتا ہوں، یہ میرا حق ہے کیوں کہ تفتیش ہوگی تو سب پتہ چلے گا، اس لیے ایف آئی آر درج کرانا میرا حق ہے لیکن یہ کیسے ہو سکتا ہے ہماری اپنی پولیس منع کررہی ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ میں سب سے بڑی سیاسی جماعت کا سربراہ ہوں، میں اس ملک کا وزیر اعظم رہ چکا ہوں، میں اپنی ایف آئی آر درج نہیں کراسکتا تو عام آدمی کا کیا ہوگا؟، دنیا کی جمہوری حکومتوں میں کوئی یہ سوچ بھی نہیں سکتا، شہباز شریف نے جوڈیشل کمیشن کی بات ہے میں اس کا خیر مقدم کرتا ہوں لیکن جوڈیشل کمیشن کیا کرے گا؟ صاف و شفاف انویسٹی گیشن کیسے کریں گے؟۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میرے خلاف مریم نواز، مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف نے پریس کانفرنسز کیں، مجھ پر حملے کے بعد کون سے لوگ تھے جنہوں نے رد عمل دینا شروع کیا؟ ابھی ایف آئی آر بھی نہیں کٹی کہ سوشل میڈیا میں ٹویٹس آنی شروع ہوگئی، پولیس اور حکومت ہماری اور گرفتار ملزم کا ویڈیو بنا کر لیک کیا جاتا ہے، آئی جی سے جب پوچھا کیسے ملزم کی ویڈیو لیک ہوئی تو کہتا ہے کہ یہ ہیک ہوگئی ہے، ملزم کی ویڈیو کیسے لیک ہوئی اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات