میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ 13 نومبر کو زکریا یونیورسٹی میں ہوگا،انتظامات مکمل

ہفتہ 12 نومبر 2022 19:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2022ء) حکومت پنجاب کی جانب سے میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ 13 نومبر کو زکریا یونیورسٹی میں ہوگا۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے میڈکل انٹری ٹیسٹ کے بھرپور انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔کمشنر ملتان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری اور ڈپٹی کمشنر محمد طاہر وٹو نے گزشتہ روز زکریا یونیورسٹی کا دورہ کیا۔

اس موقع پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے میڈکل انٹری ٹیسٹ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

کمشنر ملتان اشفاق احمد چوہدری نے بتایا کہ 17 ہزار سے زائد امیدوران کی سہولت کیلئے 27 امتحانی مراکز قائم کردیے گئے ہیں جبکہ والدین اور شہریوں کیلئے 16 ہزار سے زائد گنجائش کا سیٹنگ پلان ترتیب دیا جائے گا۔اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ امتحانی مٹیریل کی سیکورٹی کیلئے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ موثر ٹریفک پلان تشکیل دیکر پانی اور میڈیکل کیمپس بھی لگائے جائیں گے جبکہ امیدواروں کیلئے شٹل سروس اور آگاہی بینر بھی لگوادیئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حساس امتحانی مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے اور کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے گا۔