اسلام آباد ہائیکورٹ نے ارشد شریف کے پوسٹمارٹم رپورٹ کے حصول کی درخواست نمٹا دی

اس معاملے کی تفتیش تو کینیا میں ہونی ہے یہاں کیا ہو رہا ہے؟ عدالت کے ریمارکس،ایف آئی آر تو یہاں بھی درج ہو سکتی ہے،بیرسٹر شعیب رزاق

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 16 نومبر 2022 10:39

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ارشد شریف کے پوسٹمارٹم رپورٹ کے حصول کی درخواست ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 16 نومبر 2022ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے صحافی ارشد شریف کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اہلخانہ کو موصول ہونے کے بعد درخواست نمٹا دی ہے۔ جیو نیوز کے مطابق بیرسٹر شعیب رزاق نے عدالت کو بتایا کہ ارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ لواحقین کو دے دی گئی ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے استفسار کیا کہ اس معاملے کی تفتیش تو کینیا میں ہی ہونی ہے،یہاں کیا ہو رہا ہے؟ بیرسٹر شعیب رزاق نے بتایا کہ ایف آئی آر تو یہاں بھی درج ہو سکتی ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ عمران فاروق کے لندن میں قتل کیس کا ٹرائل بھی یہاں ہوا تھا۔ویسے تو اس کیس کا ٹرائل بھی پاکستان میں ہو سکتا ہے۔ارشد شریف کی والدہنے پمز ہسپتال سے پوسٹ مارٹم رپورٹ نہ ملنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا تاہم مقتول صحافی کے لواحقین کو پوسٹمارٹم رپورٹ ملنے کے بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست نمٹا دی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دو روز قبل صحافی ارشد شریف کی پوسٹمارٹم رپورٹ انکے لواحقین کے حوالے کی گئی،صحافی کے قریبی عزیز نے پوسٹمارٹم رپورٹ وصول کی۔ پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کے جسم پر زخموں کے 12 نشانات پائے گئے،مقتول صحافی کی بائیں آنکھ کے گر سیاہ نشان تھا،جبکہ گردن کی بائیں جانب بھی زخم موجود تھا۔ ارشد شریف کی چھاتی پر دائیں جانب سے زخم کا نشان موجود تھا،اور کمر کے بالائی حصے پر بھی زخم کا نشان پایا گیا۔

ارشد شریف کی کمر پر موجود زخم کے گرد سیاہ نشان موجود تھا،دائیں ہاتھ کے 4 ناخن موجود نہیں تھے، جبکہ دائیں کلائی پر رگڑ کا نشان موجود تھا۔رپورٹ کے مطابق ارشد شریف کی کھوپڑی کی بائیں جانب کی ہڈی موجود نہیں تھی،اور بائیں جانب سے دماغ متاثر ہوا تھا۔ ارشد شریف کے بائیں ہاتھ کی 2 انگلیوں میں جون جما ہوا تھا۔