ہنڈی حوالہ اور غیر قانونی منی چینجرز کے خلاف کریک ڈاؤن، مزید 6ملزمان کرفتار

جمعرات 8 دسمبر 2022 17:43

ہنڈی حوالہ اور غیر قانونی منی چینجرز کے خلاف کریک ڈاؤن، مزید 6ملزمان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2022ء) ایف آئی اے پنجاب زون ون کی جانب سے ہنڈی حوالہ اور غیر قانونی منی چینجرز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، مزید 6ملزمان کو کرفتارکر لیا گیا ہے ۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب زون ون لاہور کی ہدایت پر ایس آئی رانا اعجاز اور ایس آئی علی رضا نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان کو ایوان عدل ایجرٹن روڈ لاہور سے گرفتار کیا گیا۔گرفتار ملزمان میں توقیر احمد، حمزہ، غفران علی، تنویر اور یسین شامل ہیں۔ ملزمان ہنڈی حوالہ اور منی ایکسچینج کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث تھے۔  ملزمان کے قبضے سے 64400 ترکمانستانی منات اور ہنڈی حوالہ سے متعلق رسیدیں برآمد کر لی گئیں۔ گرفتار ملزمان کا تعلق لاہور اور پنجاب کے مختلف اضلاع سے ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا ہے ۔ ملزم سفی اللہ کو جی نائین فور اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ۔گرفتار ملزم ہنڈی حوالہ اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے کاروبار سے منسلک تھا۔دوران تلاشی ملزم سے 2560 امریکی ڈالر، 140 برطانوی پاونڈ، 450 یورو، 6000 افغانی اور 8 لاکھ روپے برآمد کر لئے گئے۔ملزم برآمد ہونے والی کرنسی رکھنے کے حوالے سے جواز پیش کرنے میں ناکام رہا۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔مزید تفتیش جاری ہے۔