اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کو بچانا اصل نیکی ہے : میاں محمود الرشید

ریسکیو 1122 کے ملازمین و رضاکار یہ کام قابل فخر انداز میں سرانجام دے رہے ہیں:صوبائی وزیر بلدیات

جمعرات 8 دسمبر 2022 23:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2022ء) صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کو بچانا اصل نیکی ہے اور ریسکیو 1122 کے ملازمین و رضاکار یہ کام قابل فخر انداز میں سرانجام دے رہے ہیں۔ وہ جمعرات کے روز ریسکیو 1122اکیڈیمی میں رضاکاروں کے بین الاقوامی دن کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں اخوت کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب، ریسکیو 1122 کے سربراہ ڈاکٹر رضوان نصیر بھی موجود تھے۔ سری لنکا سے آئے مہمان مسٹر سدھانتھا رانا سنگھے، اقوام متحدہ کے پاکستان میں ہیومنیٹیرین افیئرز کے سربراہ مسٹر مارٹن تھامس اور ترکی سے آئے مسٹر محمت نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔میاں محمود الرشیدنے کہا کہ رضاکار کسی بھی قوم کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 جیسے ادارہ بنانے پر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پورے ملک اور دیگر ممالک سے لوگوں ریسکیو 1122 اکیڈمی میں تربیت کے لیے آنا پنجاب حکومت کے لیے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ تمام رضاکاروں کو محکمہ بلدیات کی جانب سے بھرپور مالی و تکنیکی معاونت فرا ہم کریں گی: میاں محمودالرشید نے مزید کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کے تحت ہر گاؤں میں مقامی حکومت بنے گی لہذا ہم ہر گاؤں میں ریسکیو 1122 کے تعاون سے ان رضاکاروں کو سہولت دیں گے کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ یہ رضاکار منشیات کے خاتمے کے لیے بھی کام کریں انہوں نے ڈاکٹر امجد ثاقب سے درخواست کی کہ وہ بھی گلی محلوں میں منشیات کی روک تھام میں ان رضاکاروں کی معاونت کریں۔ قبل ازیں ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ عوام کی رضاکارانہ خدمت ہی زندگی کی اصل روح ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمود الرشید کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ وہ مسلسل 30 سال سے عوام کی رضاکارانہ خدمت کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر رضوان نصیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی 5 ہزار یونین کونسلوں کے لیے سوا لاکھ رضاکار تیار کر چکے ہیں جو ہنگامی حالات میں مقامی متاثرین کو ریسکیو کی امداد فراہم کریں گے۔ وزیر بلدیات نے اعلیٰ کارکردگی کے حامل رضاکاروں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے صوبائی وزیر کو یادگاری شیلڈ پیش کی