Live Updates

برطانوی نظام انصاف کی گواہی کے بعد شہباز شریف کیخلاف الزام لگانا غنڈہ گردی ہو گی،خواجہ آصف

عمران خان نے سیاسی مخالفین کو گندا کرنے کی کوشش کی اور سیاہی اس کے اپنے چہرے پر لگ گئی،وفاقی وزیر دفاع

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 9 دسمبر 2022 14:48

برطانوی نظام انصاف کی گواہی کے بعد شہباز شریف کیخلاف الزام لگانا غنڈہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبار تازہ ترین ۔ 09 دسمبر 2022ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کے معافی مانگنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو شہبازشریف اور قوم سے ہی نہیں،اللہ تعالی سے بھی معافی مانگنی چاہیے۔عمران خان نے مخالفین کو گندا کرنے کی کوشش کی اور سیاہی اس کے اپنے چہرے پر لگ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق خواجہ آصف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کے معافی مانگنے پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارک باد دی اور کہا کہ برطانوی عدالت اور خود الزام لگانے والوں نے شہبازشریف کی بے گناہی کی گواہی دی۔

برطانیہ کے نظام انصاف نے عمران خان کو جھوٹا قرار دیا جس کی وہ ہر جلسے میں تعریفیں کرتے تھے۔برطانیہ کے نظام انصاف کی گواہی کے بعد شہبازشریف کے خلاف کوئی الزام لگانا غنڈہ گردی تصور ہو گی،عمران خان کو شہبازشریف اور قوم سے ہی نہیں،اللہ تعالی سے بھی معافی مانگنی چاہیے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ڈیلی میل کے ذریعے شہبازشریف کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی،عمران خان شہباز شریف کیخلاف جھوٹی خبریں شائع کرتا رہا اور خود گھڑیاں چوری کرتا رہا۔

ڈیلی میل کا اعتراف ہے کہ اس جھوٹ کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ جو کہتا تھا ہم کیس دیکھتے ہیں،فیس نہیں،وہ اب کسی کو اپنا فیس دکھانے کے قابل نہیں رہے،آئین کے تحت جھوٹا،چور اور خائن لیڈر نہیں بن سکتا۔ پی ٹی آئی کے لوگ عمران خان کو لیڈرشپ کے عہدے سے ہٹائیں،پی ٹی آئی والے کسی نیک اور ایماندار کو چیئرمین بنائیں جبکہ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی جانب سے معافی مانگنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 3 سال تک میری اور میرے خاندان کی کرار کشی کی گئی،سرخرو ہونے پر اللہ کے حضور سر جھکاتا ہوں،اللہ تعالٰی پر غیر متزلزل ایمان تھا کیونکہ صرف وہی ان کے جھوٹ کو بے نقاب کر سکتا ہے۔

دوست ملکوں سے تعلقات کو نقصان پہنچنے کی بھی پرواہ نہ کی گئی،انہوں نے بے بنیاد الزامات کے ذریعے میرا اور میرے خاندان کا مذاق اڑایا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات