ریاست کسی بھی دہشت گرد گروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی،وزیر اعظم کا واضح پیغام

دہشت گردوں کے ساتھ آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائے گا،دہشت گردی کے ذریعے افرا تفری پھیلانے کی مذموم کوشش سختی سے کچل دیں گے،شہباز شریف

Abdul Jabbar عبدالجبار بدھ 21 دسمبر 2022 10:40

ریاست کسی بھی دہشت گرد گروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی،وزیر اعظم ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔21 دسمبر 2022ء ) وزیراعظم شہبازشریف نے خیبر پختونخوا اور بنوں میں دہشتگردوں کی حالیہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے ذریعے افراتفری پھیلانے کی مذموم کوشش سختی سے کچل دیں گے۔ دہشتگردی قومی سلامتی کاحساس مسئلہ ہے،اجتماعی سوچ اور لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ ریاست کسی بھی دہشتگرد گروہ یا تنظیم کے سامنے نہیں جھکے گی بلکہ دہشتگردوں کے ساتھ آئین اور قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

دہشتگردوں کی بیرونی سہولت کاری اور پناہ گاہوں کا بھی سدباب کریں گے۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کے مقابلے کیلئے صوبوں کیساتھ ملکر کام کریں گے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کریں گے۔

(جاری ہے)

قوم اپنی شیر دلیر افواج کے شانہ بشانہ دہشتگردی کا خاتمہ کرکے رہے گی۔مسلح افواج اوردیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں،آپریشن ردالفساد اور ضرب عضب دہشتگردی کے خاتمے کے لیے اہم اقدامات تھے،شہدا کی قربانیاں ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

وزیر اعظم نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انہیں علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے ترجمان پاک فوج میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بنوں سی ٹی ڈی کمپاونڈ آپریشن کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا ۔ ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کمپاونڈ پر باہر سے حملہ نہیں ہوا، دہشت گردوں نے فرار کی کوشش کی جسے ناکام بنایا گیا، 7 دہشت گرد گرفتار ہوئے۔ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 25 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، جبکہ 2 سیکورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران 3 افسران سمیت 10 جوان زخمی جبکہ سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار شہید ہوئے۔