وزیر اعظم آزادکشمیر نے سگریٹ مصنوعات پر 200 فیصد ٹیکس لاگو کردیا ،پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی کو جرم قرار ، پابندی عائد

جمعرات 22 دسمبر 2022 18:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2022ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے آزادکشمیر میں درآمد یا برآمد ہونے والی سگریٹ مصنوعات پر 200 فیصد ٹیکس لاگو کردیا ہے جبکہ پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی کو جرم قرار دیتے ہوئے مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے مضر صحت اشیا کے استعمال کو کم کرنے کی پالیسی سامنے لائی ہے تاکہ عوام کو صحت مند معاشرہ دیا جائے اور سگریٹ کے دھویں سے متاثر ہونے والوں کو بیماریوں سے بچایا جا سکے۔

وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے اس حوالے سے متعلقہ محکمہ جات کو احکامات دیئے ہیں کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے تاکہ اس طرح کی منفی سرگرمیوں پر قابو پایا جا سکے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے آزادکشمیر کی حدود میں درآمد اور برآمد کیے جانے والے تمام سگریٹس پر 200 فیصد اضافی ٹیکس بھی عائد کرنے کی منظوری دیدی ہے جبکہ آزادکشمیر میں بننے والی سگریٹ مصنوعات آزادکشمیر میں فروخت ہونے کی صورت میں یہ اضافی ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا۔

وزیر اعظم کی اس پالیسی سے ریاستی خزانے میں کروڑوں روپے کی ٹیکس آمدن بھی بڑھے گی۔ اس حوالے سے وزیر اعظم سیکرٹریٹ نے سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن اور سیکرٹری ان لینڈ ریوینیو ڈیپارٹمنٹ کو ایک مکتوب تحریر کیا ہے جس پر فوری عمل درامد کے احکامات دیئے گئے ہیں۔دریں اثناء وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے وقتاً فوقتاً مختلف محکمہ جات کو دی جانے والی پالیسی گائیڈ لائنز اور Directives پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے آمدہ ہفتے میں محکمہ وائز تمام محکمہ جات کا جائزہ اجلاس طلب کیا ہے۔

اجلاس میں ہر محکمہ سے دی گئی پالیسی گائیڈ لائنز اور ڈاریکٹیوز پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا،عوام الناس کی سہولت کے حوالہ سے دیے گئے احکامات پر محکمانہ جائزہ اجلاس میں متعلقہ محکمہ جات کے وزراء،آفیسران سمیت کمیونٹی کے نمائندگان بھی شریک ہوں گے۔