شہریوں کا ووٹ ان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے،ضلعی الیکشن کمشنر ڈیرہ

اپنا ووٹ ضرور ڈالیں اور پاکستان میں امن و ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار کریں،عبدالرف خان مروت

جمعہ 23 دسمبر 2022 19:45

ڈیرہ اسماعیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 دسمبر2022ء) ضلعی الیکشن کمشنر عبدالرف خان مروت نے کہا ہے کہ شہریوں کا ووٹ ان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے ،لہذا ووٹ ڈالنے سے گریز کرنا قوم و ملک کا مستقبل تاریک کرنے کے مترادف ہے،اپنا ووٹ ضرور ڈالیں اور پاکستان میں امن و ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار کریں۔جمعہ کوگورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ڈیرہ اسماعیل خان اور گورنمنٹ ہایئر سیکنڈری سکول میں آگاہی سیمینار میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ طلباء اور نوجوان کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں اور ہمارا روشن مستقبل ووٹ کی صحیح استعمال میں مضمر ہے ،اس لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تعلیمی اداروں میں ان آگاہی تقریبات کا سلسلہ شروع کیا ہواہے تاکہ نوجوان نسل میں ووٹ کی اہمیت اور انتخابی عمل کے مختلف پہلوں کے بارے میں شعور اور آگاہی پیدا کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ووٹ کی پرچی محض کاغذ کا ٹکڑا نہیں بلکہ یہ پوری قوم کا مستقبل ہے۔ انہوںنے کہاکہ طلباء اور اساتذہ کرام معاشرے کا تعلیم یافتہ طبقہ گردانا جاتا ہے ہماری ان سے درخواست ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کا پیغام گھر گھر پہنچائیں تاکہ تمام اہل لوگ اپنے ووٹ کا اندراج کرا سکیں اور آئندہ الیکشن میں اپنے ضمیر کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔