سٹیل ملوں کیخلاف کریک ڈاون جاری

منگل 3 جنوری 2023 15:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2023ء) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ اور سیکرٹری غلام محمد میمن کے حکم پرپاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کا سٹیل ملوں کیخلاف کریک ڈاون جاری،مزید4غیر قانونی اور بغیر لائسنس چلنے والی سٹیل ملیں بند کروا دی گئیں۔ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے زین العابدین کی تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے منگل کو مصری شاہ، ہربنس پورہ، باغبان پورہ اور مضافاتی علاقوں کالا خطائی روڈ پر چھاپے مار کر مزید4غیر قانونی اور بغیر لائسنس چلنے والی سٹیل ملیں بند کروا دیں جبکہ سینکڑوں ٹن سریا اور سٹیل کی دیگر مصنوعات کی بھاری مقدار بھی ضبط کر لی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر ملوں کی تعداد 23ہوگئی جن میں سے 10مالکان نے پی ایس کیو سی اے کا لائسنس لینے کیلئے درخواستیں جمع کروا دی ہیں جبکہ9کیخلاف کیسز عدالت میں بھیج دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ان کے علاوہ بھی قانون کی پاسداری کرتے ہوئے دیگر 5سٹیل مل مالکان کی درخواستیںجمع کروا دی گئی ہیں۔ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے زین العابدین کا کہنا ہے کہ تمام سٹیل مل مالکان قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے درخواستیں جمع کروا دیں،ہر کسی کو قانون کی پاسداری کرنا ہی ہوگی۔

آخری سٹیل مل کی درخواست آنے تک کریک ڈاون جاری رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ایس کیو سی اے حکومتی پالیسی کاروبار میں آسانی پر عملدرآمد کرتے ہوئے انڈسٹری کی ہرممکن تکنیکی رہنمائی کرے گا اور ان کی مصنوعات کو نیشنل و انٹرنیشنل معیار کے مطابق بنانے میں کردار ادا کرے گا۔