پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کا سٹیل ملوں کیخلاف کریک ڈائون جاری،مزید4غیر قانونی اور بغیر لائسنس چلنے والی سٹیل ملیںبند کروا دی گئیں

منگل 3 جنوری 2023 22:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جنوری2023ء) وزیراعظم ہائوس سے ہدایات ملنے کے بعدوفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ اور سیکرٹری غلام محمد میمن کے حکم پرپاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کا سٹیل ملوں کیخلاف کریک ڈائون جاری،مزید4غیر قانونی اور بغیر لائسنس چلنے والی سٹیل ملیںبند کروا دی گئیں،تعداد 23ہوگئی جن میں سے 10مالکان نے پی ایس کیو سی اے کا لائسنس لینے کیلئے درخواستیں جمع کروا دیں جبکہ9کیخلاف کیسز عدالت میں بھیج دیئے گئے۔

ان کے علاوہ بھی قانون کی پاسداری کرتے ہوئے دیگر 5سٹیل مل مالکان کی درخواستیں بھی جمع کروائی گئیں۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے زین العابدین کی تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے مصری شاہ، ہربنس پورہ، باغبان پورہ اور مضافاتی علاقوں کالا خطائی روڈ پر چھاپے مار کر مزید4غیر قانونی اور بغیر لائسنس چلنے والی سٹیل ملیں بند کروا دیںجبکہ سینکڑوں ٹن سریا اور سٹیل کی دیگر مصنوعات کی بھاری مقدار بھی ضبط کر لی گئی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے زین العابدین کا کہنا ہے تمام سٹیل مل مالکان قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے درخواستیں جمع کروا دیں ،ہر کسی کو قانون کی پاسداری کرنا ہی ہوگی۔آخری سٹیل مل کی درخواست آنے تک کریک ڈائون جاری رہے گا۔انکا کہنا تھا کہ پی ایس کیو سی اے حکومتی پالیسی ’’کاروبار میں آسانی‘‘ پر عملدرآمد کرتے ہوئے انڈسٹری کی ہرممکن تکنیکی رہنمائی کرے گا اور ان کی مصنوعات کو نیشنل و انٹرنیشنل معیار کے مطابق بنانے میں کردار ادا کرے گا۔