Live Updates

وزیرآباد واقعے میں نواز، شہباز اور زرداری سے طاقتور لوگ شامل ہیں، عمران خان

یہ وہ لوگ ہیں جن کی وجہ سے ہی ایف آئی آر درج ہوئی نہ شفاف تفتیش ہوسکی، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا الزام

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 5 جنوری 2023 21:38

وزیرآباد واقعے میں نواز، شہباز اور زرداری سے طاقتور لوگ شامل ہیں، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 02 جنوری 2023ء ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ وزیرآباد واقعے میں نواز، شہباز اور زرداری سے طاقتور لوگ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جن کی وجہ سے ہی ایف آئی آر درج ہوئی نہ شفاف تفتیش ہوسکی۔ لاہور میں ویڈیو کانفرنس کے دوران وزیرآباد حملے کے تحقیقات کےلیے قائم جے آئی ٹی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ حملے میں ایک نہیں 3 شوٹرز تھے۔

پنجاب حکومت میں ہوتے ہوئے بھی ڈی پی او جے آئی ٹی میں نہیں آرہا۔ کون ہے جو انکو روک رہا ہے، ظاہر ہے کوئی طاقت ور ہے جو روک رہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ سی ٹی ڈی کو ویڈیو بنانے کا کس نے کہا؟ کس نے کہا تھا کہ ملزم نوید کی ویڈیو بنا کر مخالف صحافیوں کو دیں؟ بیک گراؤنڈ چینج کرنے کا حکم کس نے دیا، وہ کون تھا؟ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی نے رات 12بجے دوسری ویڈیو ریلیز کی، ملزم نوید کا پولی گرافک ٹیسٹ ہوا، جس میں اسکی کچھ باتیں جھوٹ نکلیں۔

(جاری ہے)

بدقسمتی سے یہ صرف دو تین لوگوں کی سازش تھی۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ وزیرآباد کے مقام پر مختلف ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔ ہمارے سیکیورٹی گارڈز نے ایک گولی بھی نہیں چلائی، جے آئی ٹی نے ملزم نوید کے کال ڈیٹا ریکارڈ کے لیے وفاقی ادارے سے رابطہ کیا تو انہوں نے انکار کردیا۔ عمران خان نے کہا کہ مجھے قتل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا جو ہمارے کارکن کی وجہ سے ناکام ہوا، وزیرآباد واقعے میں نواز، شہباز اور زرداری سے طاقتور لوگ شامل ہیں، بہت افسوس کے ساتھ کہتا ہوں یہ وہ لوگ ہیں جنہیں ہم اپنے ملک اور قوم کا محافظ سمجھتے ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ مجھے راستے سے ہٹانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا گیا، ضمنی الیکشن میں جیت کے بعد مجھے قتل کرنے کا پلان تھا اور پھر واقعے کی سلمان تاثیر کی طرح رنگ دے دیا جاتا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک کی سب سے بڑی پارٹی کو کمزور کرنا ملک کو کمزور کرنا ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ رجیم چینج کے بعد ڈاکوؤں کو ملک پر مسلط کیا گیا، مجھے معلوم ہے رجیم چینج میں کون کون شامل ہے، عوام اس تبدیلی کے بعد پہلی بار سڑکوں پر آئی، رجیم چینج کے ماسٹر مائنڈ کو معلوم نہیں تھا قوم سڑکوں پر نکل آئے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات