صوبائی حکومت صوبے میں آٹے اور گندم کی مصنوعی قلت کے خاتمے کے لئے مربوط اقدامات اٹھائیں، امجد آفریدی

بدھ 11 جنوری 2023 14:19

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات وایم پی اے امجد آفریدی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت صوبے میں آٹے اور گندم کی مصنوعی قلت کے خاتمے کے لئے مربوط اقدامات اٹھائیں۔خیبر پختونخوا میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے اور گندم کی مصنوعی بحران پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں گندم وافر مقدار میں موجود ہے لیکن پی ٹی آئی حکومت نے وفاق کی بغض میں مصنوعی قلت پیدا کر دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد خیبر پختونخوا حکومت آٹے اور گندم کی پیداوار بڑھانے اور تقسیم کرنے میں مکمل خود مختار ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ایک ہی پارٹی کی حکومت میں آٹے کے الگ الگ نرخ ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی محمود خان بنی گالا کے مفادات کی حفاظت کی بجائے اپنے صوبے کے عوام کا سوچیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبوں کو گندم اور آٹے کی پیداوار و تقسیم میں خود اختیاری دی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی مہنگائی کنٹرول کرنے کی رٹ نظر نہیں آ رہی ہے ۔