اوپن یونیورسٹی کے داخلے کل 15جنوری کو شروع ہونگے

بلوچستان، گلگت بلتستان اور ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لوگوں کو میٹرک کی تعلیم مفتفراہم کی جائے گی

جمعہ 13 جنوری 2023 19:49

اوپن یونیورسٹی کے داخلے کل 15جنوری کو شروع ہونگے
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2023ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹربہار2023ء کے پہلے مرحلے کے داخلے ملک کے چاروں صوبوں ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ایک ساتھ کل) 15جنوری( سے شروع ہورہے ہیں۔ سرٹیفکیٹ کورسز ، مڈل ٹیک ،میٹرک، ایف ا ے اور آئی کام کے داخلے 21فروری تک جاری رہیں گے جبکہ بی ایس)فیس ٹو فیس(، ایم ایس ، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے فارم 15جنوری سے 15فروری تک وصول کئے جائیں گے۔

دوسرے مرحلے کے داخلے یکم مارچ سے شروع ہوں گے جس میں ٹیچرٹریننگ پروگرامز، ایسوسی ایٹ ڈگری)بی ای(اور بی ایس)او ڈی ایل(پروگرامز شامل ہوں گے۔واضح رہے کہ اِن پروگراموں میں پہلے سے داخل)جاری طلبہ(بھی داخلوں کے شیڈول کے مطابق اپنی انرولمنٹ کرسکیں گے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ تعلیم کے حصول سے کوئی بھی محروم نہ رہے، اس حوالے سے یونیورسٹی نے بلوچستان ، گلگت بلتستان اور ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لوگوں کے لئے میٹرک کی مفت تعلیم کی پالیسی شروع کررکھی ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں اوپن یونیورسٹی ملک کی واحد جامعہ ہے جو معذور افراد، جیلوں میں مقید افراد اورخواجہ سرائوں کو مفت تعلیم فراہم کررہی ہے، غریب افراد کوبھی فیسوں میں خصوصی رعایت فراہم کرتی ہے۔ اِن اسکیموں سے استفادہ کے لئے یونیورسٹی کے ریجنل آفسز سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔پہلے مرحلے میں پیش کئے جانے والے تمام پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر15۔

جنوری سے آن لائن دستیاب ہونگے۔داخلہ فارم اور پراسپیکٹس یونیورسٹی کے مین کیمپس، علاقائی کیمپسز /رابطہ دفاتر اور ملک بھر میں قائم کردہ سیل پوائنٹس میں بھی دستیاب ہوں گے۔ واضح رہے کہ یونیورسٹی کی داخلہ پالیسی کے مطابق بی ایس/ایم ایس سی/ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلہ حاصل کرنے کے لئے آن لائن اپلائی کرنا لازمی ہے جبکہ میٹرک اور ایف اے پروگراموں میں داخلہ فارم مینول اور آن لائن دونوں طریقوں سے جمع کیا جاسکے گا ، فارم آن لائن جمع کرانے کی صورت میں داخلہ فارم پرنٹ کرکے یونیورسٹی کو بھجوانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔