ملک میں حالیہ مہنگائی اور حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے دباو پر پٹرول، گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے کا فیصلہ قابل مذمت ہے ، خوشحال خان کاکڑ

جمعرات 26 جنوری 2023 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2023ء) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی اور صوبائی ایگزیکیٹیوز کا مشترکہ اجلاس پارٹی چیرمین خوشحال خان کاکڑ کی صدارت کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک اور صوبے کے سیاسی اور پارٹی کے مختلف امور پر بحث و مباحثہ کرتے ہوئے مختلف فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کے جاری کردہ بیان میں پارٹی کے تمام اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تنظیمی امور سے متعلق پہلے سے موجود جو فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے پارٹی عہدیدار اور کارکن اپنے اپنے انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کو بروقت پورا کریں۔

بیان میں صوبے بھر میں جاری گیس کی عدم فراہمی اور لوڈشیڈنگ اور گزشتہ دو ہفتوں میں کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں 20 سے زائد افراد کی گیس کی وجہ سے ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا اورعوام کو مذکورہ مسائل سے نجات دلانے کے لیے احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں گیس کی عدم فراہمی اور لوڈشیڈنگ کے خلاف 31 جنوری بوقت 1 بجے کراچی میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے ہیڈ آفس کے سامنے مظاہرہ ہوگا اور کوئٹہ میں مورخہ 2 فروری بروز جمعرات صبح 11 بجے گیس آفس سمنگلی روڈ کے سامنیاحتجاج کیا جائیگا۔

ملک میں حالیہ مہنگائی اور حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے دباو پر پٹرول، گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے کے فیصلے کو انتہائی ظالیمانہ عمل قرار دیا اور اسے عوام کو غربت اور محتاجی کے دلدل میں دھکیلنے کا سلسلہ سمجھتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ عوام کو ان بدترین حالات سے دوچار کرنے اور عوام سے روٹی کا نوالہ چھیننے کی کسی بھی کوشش کو ناکام کرنے میں عوام کے ساتھ شانہ بشانہ جدوجہد کی جائیگی۔

تمام ضلعی پارٹی تنظیموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس اہم اور بنیادی مسئلے پر عوام کیساتھ رابطے میں رہے اور پارٹی کی جانب سے احتجاج کے اعلان کے ساتھ ہی بھرپور ردعمل کے لیے تیار رہیں۔ اسی کے ساتھ بجلی کی فراہمی میں ناکامی اور عوام پر طویل لوڈشیڈنگ مسلط کرنے کے روش کو یکسر مسترد کرتے ہوئے متعلقہ کمپنی کو تنبیہ کی گئی کہ وہ عوامی مشکلات اور مصائب کا ادراک کرتے ہوئی فوری طور پر عوام کو بجلی کی تواتر کے ساتھ فراہمی اور طویل لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلیے اقدامات کریں۔