پاکستان کی فلسطین کے جنین شہر اورکیمپ پر اسرائیلی وحشیانہ حملے کی شدید مذمت

عالمی برادری اسرائیلی قابض افواج کی غیر قانونی کارروائیاں رکوائے،ترجمان دفترخارجہ

جمعہ 27 جنوری 2023 22:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2023ء) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان فلسطین کے جنین شہر اور کیمپ پر اسرائیلی وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے حملے میں معمر خاتون سمیت متعدد بے گناہ فلسطینی شہید، کم سے کم 20 افراد زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیل کی جانب سے جاری مظالم اور قتل عام میں رواں ماہ 30 فلسطینی شہید ہو چکے، ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عالمی برادری اسرائیلی قابض افواج کی غیر قانونی کارروائیاں رکوائے۔

(جاری ہے)

دنیا اسرائیل پر زور دے کہ فلسطینی عوام کے انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے، پاکستان، فلسطینیوں کے بنیادی حقوق بشمول حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان کی حکومت، عوام فلسطینی متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں،اسرائیلی وحشیانہ حملے میں زخمیوں کی مکمل، جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، پاکستان، فلسطین بارے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کی قراردادوں پر عملدرآمد چاہتا ہے، پاکستان 1967ئ سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کا قیام چاہتا ہے، ایسی فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، پاکستان قابل عمل، آزاد، متصل فلسطینی ریاست کے لیے اپنے مطالبے کی تجدید کرتا ہے۔