گورنرخیبرپختونخوا سے ڈی جی آڈٹ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ خیبرپختونخوا ملاقات ،لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن اور اپڈیشن کے حوالے سے سپیشل سٹڈی رپورٹ پیش کی

جمعہ 27 جنوری 2023 20:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2023ء) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے ڈائریکٹرجنرل آڈٹ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ خیبرپختونخوا شاہ رحمان نے گورنرہاؤس پشاورمیں ملاقات کی۔ ڈی جی آڈٹ نے اس موقع پر گورنر کو 7 اضلاع کی لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن اور اپڈیشن کے حوالے سے سپیشل سٹڈی رپورٹ برائے سال 2021-22ء پیش کی۔ جن سات اضلاع کی رپورٹ پیش کی گئی اُن میں پشاور، ایبٹ اباد، مردان، سوات،کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان اضلاع شامل تھے۔

ڈی جی آڈٹ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ شاہ رحمان نے گورنر کوبتایاکہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 ء کے تحت یہ رپورٹس ضلعی اکاونٹس کمیٹیوں میں بحث کیلئے پیش جانی تھیں تاہم ایسا نہیں ہوا اور تب سے تقریباً تمام رپورٹس التواء کا شکاررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ پنجاب اورسندھ حکومت نے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کی ہے جس کے مطابق ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی آڈٹ رپورٹس صوبائی اسمبلی میں بحث کیلئے پیش کی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایاکہ آڈیٹرجنرل پاکستان نے بھی بذریعہ گورنرخیبرپختونخوا صوبائی حکومت کو درخواست کی ہے کہ پنجاب اور سندھ کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کی جائے جوکہ ابھی تک زیرعمل ہے۔ انہوں نے ایسی رپورٹ جس پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا، گورنر سے خصوصی دلچسپی لینے اوراس معاملہ کو صوبائی حکومت کے ساتھ اٹھانے کی درخواست کی۔

جس پر گورنر حاجی غلام علی نے ڈی جی آڈٹ کواپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہاکہ بہت جلد متعلقہ حکام کا اجلاس بلایاجائیگا تاکہ اس مسئلے پر سیرحاصل گفتگو کرکے ایک بہترین حل نکالا جاسکے۔ گورنرنے کہاکہ پیش کی جانیوالی رپورٹ میں جن ایشوز پرروشنی ڈالی گئی ہے اُسے متعلقہ کمشنرز کو بھجوایاجائے گاتاکہ ان مسائل کے حل کیلئے فوری اور بہترین اقدامات اٹھائے جاسکیں۔