ایم کیو ایم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت پر 35 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت پر 18 روپے اضافہ کیا گیا ہے

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 29 جنوری 2023 19:58

ایم کیو ایم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 جنوری 2023ء ) حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام پر ظلم قرار دے دیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس فیصلے کو واپس لیا جائے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت پر 35 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت پر 18 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ، تاجر برادری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فی الفور اضافے کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت پر 35 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت پر 18 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے ساتھ ہی یہ اعلان بھی کیا تھا کہ نئی قیمتوں کا اطلاق صبح گیارہ بجے سے ملک بھر میں ہوگا۔ انہوں نے یہ بتایا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 روپے سے زائد اضافے کی قیاس آرائی کی جارہی تھی تاہم حکومت نے کوشش کی ہے کہ عوام پر کم از کم بوجھ منتقل کیا جائے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام، تاجر برادری اور سیاسی جماعتوں نے مسترد کردیا جبکہ ایم کیو ایم نے بھی اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کی ڈپٹی کنوینئر نسرین جلیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتوں میں اضافے سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا اور اس کا اثر براہِ راست روزمرہ استعمال کی اشیاء ضروریہ پر پڑے گا، ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے سارا بوجھ عوام پر ڈالنا ظلم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ورکنگ کلاس پر ٹیکس حملے کرنے کے بجائے فلفور زرعی ٹیکس نافذ کرے، وڈیرے جاگیرداروں کے خوف سے زرعی ٹیکس نہ لگانا پاکستان اور عوام سے دشمنی کے مترادف ہے،کمر توڑ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے جس سے عوام میں اشتعال اور بے چینی بڑھ رہی ہے۔

نسرین جلیل نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فلفور واپس لینے کا حکم دیں۔ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پییٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بارپھر35روپے اضافہ انکی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، عوام کب تک ان کی نا اہلی کی قیمت ادا کریں گے؟کیا ارباب اختیار مزید تباہی کا انتظار کریں گے؟۔

جبکہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے ترجمان شوکت یوسفزائی نے پالیسی بیان میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کو عوام کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نالائق حکومت مہنگائی کی بجائے عوام کو ختم کرنا چاہتی، پہلے ہی معیشت ڈوبی ہوئی ہے اب امپورٹڈ حکمرانوں نے غریبوں سے جینے کا حق چھیننے کی ٹھان لی ہے، عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو تحریک انصاف برداشت نہیں کرے گی۔