پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کے ستائے عوام پر بہت بڑا ظلم ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے آفٹر شاکس عوام کو لگنا شروع ہوچکے، جلال محمود شاہ

اتوار 29 جنوری 2023 20:55

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2023ء) چیئرمین سندھ یونائیٹڈ پارٹی و کنوینر سندھ ایکشن کمیٹی سید جلال محمود شاہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کے ستائے عوام پر بہت بڑا ظلم ہے، یہ مہنگائی نہیں تباہی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے آفٹر شاکس عوام کو لگنا شروع ہو چکے ہیں، قوم کا پیسہ لوٹ کر باہر جائیدادیں بنانے والوں کو این آر او دے دیا گیا ہے جو کہ شرم ناک ہے۔

ایک بیان میں سید جلال محمود شاہ نے کہا کہ کرپٹ ٹولوں نے ملک کی معیشت تباہ کر دی ہے۔ کرپٹ حکومت اپنی کرپشن کا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے۔ حکومت کی کرپشن اور نااہلی کے باعث ملک کی معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب یے اگر فوری اقدامات نہ کئے گئے تو ملک کو بہت بڑا نقصان ہو گا، انہوں نے کہا کہ حکومتی بدنیتی اور بدانتظامی کی وجہ سے مہنگائی کے بدترین تاریخی بحران رشوت ستانی، شرح سود میں اضافے اور امن وامان کی خوفناک صورتحال نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

آج حکومت کی نا اہلی اور کرپشن کی بدولت ڈالر اور سونا بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ ہر چیز کی قیمت اب عوام کے دسترس سے باہر ہوگئی ہے۔اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے، چینی، آٹا، دال، گھی، پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتیں ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ہیں۔ ملک میں غریب عوام کو فاقہ کشی اور خودکشیوں پر مجبور کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہ کہ اب عوام کا صبر جواب دے چکا ہے اور موجودہ کرپٹ حکومت سے چھٹکارا پانا ہی ملک اور عوام کے مفاد میں ہے، سید جلال محمود شاہ نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا ظالمانہ اضافہ فوری واپس لیا جائے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی کم کی جائیں۔دریں اثنا سید جلال محمود شاہ نے بلوچستان کے علاقے بیلہ میں چینکی اسٹاپ کے قریب مسافر کوچ کے المناک حادثے اور ضلع کوہاٹ میں مدرسے کے بچوں کی کشتی ڈوبنے کے افسوس ناک واقعے پر گہرے دکھ اور اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں اور بہت سی قیمتی جانوں کے ضیاع پر صدمہ ہوا ہے، انہوں نے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں اور جاں بحق ہونے والوں کے ورثا کی مالی مدد کی جائے۔