جامعہ سندھ میں کشمیریوں سے یکجہتی کا دن منایا گیا

جمعہ 3 فروری 2023 23:25

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2023ء) جامعہ سندھ جامشورو میں بیورو آف اسٹیگس کی جانب سے کشمیریوں سے یکجہتی کا دن منایا گیا ۔اس سلسلے میں مرکزی سیمینار آرٹس فیکلٹی بلڈنگ کے شیخ ایاز آڈیٹوریم میں منعقد کیا گیا، جہاں ڈائریکٹر بیورو آف اسٹیگس پروفیسر ڈاکٹر غزالہ پنہور نے کہا کہ پاکستان نے کشمیریوں کے حقوق کیلئے ہر فورم پر کوششیں جاری رکھی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ بھی کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل کرائے تاکہ معصوم کشمیریوں کو حق خود ارادیت مل سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموش افسوس ناک ہے ۔پولیٹیکل سائنس کے ڈاکٹر عمران نوناری نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی خاموشی توڑ کر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے آگے آئے تاکہ کشمیری عوام کو ان کی خواہش کے مطابق رہنے کا حق دلایا جا سکے ۔

تقریب کو پروفیسر ڈاکٹر نبی بخش ناریجو، غلام اکبر مہیسر سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ واضح رہے کہ یوم کشمیر ہر سال 5 فروری کو منایا جاتا ہے لیکن اس بار 5فروری کو چھٹی کا دن اتوارہونے کی وجہ سے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یہ تقریب منعقد کی گئی۔