کل اتوارکو یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، قمر زمان کائرہ

ہفتہ 4 فروری 2023 12:23

کل اتوارکو یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے تیاریاں مکمل کرلی گئی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2023ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ05 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ترجمان وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر اندرون و بیرون ملک پاکستانی اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھرپور یک جہتی کا اظہار کریں گے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 5 فروری کو پورے ملک میں صبح10بجے کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاہراہ دستور اسلام آباد پر کشمیری عوام سے یکجہتی کے لیے ریلی بھی نکالی جائے گی۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف مظفرآباد جائیں گے اور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر اور وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی پیغامات بھی نشر کیے جائیں گے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ 05 فروری کی مناسبت سے بیرون ملک قائم پاکستانی مشنز خصوصی ریلیز، سیمینارز اور تصویری نمائشوں کا انعقاد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پی این سی اے اور لوک ورثہ میں تین روزہ تقاریب جاری ہیں جن میں کشمیری ثقافت کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرنٹ والیکٹرونک میڈیا کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اس دن کی مناسبت سے ڈاکیومینٹریز اور تصاویر کی بھرپور طریقے سے تشہیرکی جائے گی۔ مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے وزارت اطلاعات و نشریا ت، پی ٹی وی ، اے جے کے ٹی وی ورلڈ اور ریڈیو کے ذریعے مختلف پروگرا مز نشر کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ میڈیا زچینلز اور ایف ایم ریڈیوز سے بھی یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور کوریج دیں گے۔ قمر زمان کائرہ نے کہاکہ سول ایوی ایشن، پاکستان ریلوے، میٹرو بس اور این ایچ اے ہوائی اڈوں، ریلوے اسٹیشنز، میٹرو بس اسٹیشنز اور ٹول پلازوں پر یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے بینرز آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے بھی اسلام آباد کی تمام اہم شاہراہوں پر یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے بینرز آویزاں کئے ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اس موقع پر سیلولر / موبائل کمپنیاں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی پیغامات نشر کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ تمام شہروں کے بڑے پلازوں، شاپنگ مالز اور مارکیٹوں میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سٹیمرز اور بینرز لگانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ تمام صوبائی حکومتوں اور گلگت بلتستان نے اس دن کے حوالے سے خصوصی تقاریب، سیمینارز، تصاویری نمائشوں، ریلیز، تقریری مقابلوں، جلسے جلوس، سکول اورکالجزمیں مضمون نویسی جیسی سرگرمیوں کا انتظام کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تقاریب میں تمام صوبوں کے گورنرز، وزرائے اعلیٰ و دیگر سینئر وزراء شرکت کریں گے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ تمام صوبوں کے ڈویثرنل اورڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرز میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر حکومت نے بھی یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے بھرپور انتظامات کر رکھے ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ اس موقع پرایل او سی کی دوسری جانب یکجہتی سے بھرپور پیغام پہنچاجارہا ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مظفر آباد اور آزادکشمیر کے دیگر ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز میں بھی خصوصی ریلیز، سیمینارز، تصویری نمائشوں مضمون نویسی اور تقاریری مقابلوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوہالہ پل سمیت آزادکشمیر سے ملنے والے تمام راستوں پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں دیگر صوبوں کے وزرا بھی شرکت کریں گے۔ مزید برآں پاکستان سپورٹس بورڈ نے سپورٹس کمپلیکس میں اس دن کی مناسبت سے ایک فٹ بال میچ اور ہاکی میچ کا بھی انتظام کر رکھا ہے۔