Live Updates

سمجھ نہیں آتی مہنگائی کا ملبہ شہباز شریف پر کیوں ڈالا جا رہا ہے،مریم نواز

پی ٹی آئی نے 4 سال میں ملکی معیشت کو تباہ کیا جیسے ٹھیک کرنے میں کچھ وقت لگے گا،ملک کو بیرونی نہیں اندرونی اختلافات اور غیر یقینی صورتحال سے خطرہ ہے،سنیئر نائب صدر مسلم لیگ ن

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 6 فروری 2023 15:04

سمجھ نہیں آتی مہنگائی کا ملبہ شہباز شریف پر کیوں ڈالا جا رہا ہے،مریم ..
ملتان (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 06 فروری 2023ء) مسلم لیگ ن کی سنیئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے 4 سال میں ملکی معیشت کو تباہ کیا گیا،تباہ حال معیشت کو ٹھیک کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔ملک کو بیرونی نہیں بلکہ اندرونی اختلافات اور غیر یقینی صورتحال سے خطرہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو ترقی کرتا پاکستان ملا جیسے انہوں نے کھائی میں دھکیل دیا،جب تک اقتدار میں تھے تو جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کی تعریفوں کے پل باندھ رہے،جیسے ہی عمران خان کو کرسی سے اتارا گیا تو جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ میں پرابلمز آنا شروع ہو گئیں،یہ اقتدار میں رہیں تو سب کچھ ٹھیک لیکن باہر نکلیں تو سب کچھ خراب ہے۔

(جاری ہے)

مہنگائی کو کنٹرول کرنا صوبوں کا کام ہے،سمجھ نہیں آتی مہنگائی کا ملبہ شہباز شریف پر کیوں ڈالا جا رہا ہے،ایک شخص حکومتی عہدیداروں کے خاندان کو دھمکیاں دیتا ہے،کیا اسے اس بات پر چھوڑ دیا جائے کہ وہ سیاستدان ہے؟پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کے ساتھ ایسا معاہدہ کیا جس میں پاکستان کو گروی رکھ دیا گیا،ہم چاہ کر بھی عوام کو ریلیف نہیں دے پا رہے۔

چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے معاہدے کی سخت شرائط ہیں،قیمتیں کم کرنے کیلئے ہم پر بہت بوجھ اور دباؤ ہے،ن لیگ اپنے فائدے اور نقصان کو پہچانتی ہے،دباؤ مجھ پر اور میری جماعت پر نہیں ہے،دباؤ ان پر ہے جنہوں جیل بھرو تحریک کا اعلان کیا ہے،آپ کو پتہ چلنا چاہیے جیل اور ڈیتھ سیل کیا ہوتا ہے،ہم تو نظریں بچھائے بیٹھے ہیں کہ آپ کو پتہ چلے جیل کیا ہوتی ہے۔

پی ٹی آئی کو باہر سے پیسہ آیا اور اس حوالے سے جھوٹ بولا گیا،ہم پر انتقام کا الزام لگایا جا رہا ہے لیکن ابھی تو انہیں کسی نے ہاتھ نہیں لگایا،ابھی حساب ہو گا اور قانون اپنا راستہ لے گا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کا معیار ایک نہیں ہو گا تو ملک آگے نہیں بڑھے گا،صوبہ محاذ ایک ڈرامہ تھا جو الیکشن کے دن کیلئے تھا،اس وقت ملک مشکلات کا شکار ہے،عوام کو پتہ ہے کہ ملک کو ان حالات تک کون لایا،2017 میں نوازشریف کو اقامے پر نکالا گیا،دوسری طرف سنگین جرائم دنیا کے سامنے ہیں جنہوں نے جرم کیا انہیں اس کی سزاملنی چاہیے،میں دو دفعہ قید میں رہی ہوں اور نوازشریف ایک سال جیل میں رہے،آنے والا وقت بہتر ہو گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات