ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے تاجر برادری سمیت ہر فرد کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیی: گورنر پنجاب

تاجر برادری کو سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، تاجروں کے وفد سے گفتگو

بدھ 8 فروری 2023 23:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 فروری2023ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے صدر انجمن تاجران جی ٹی روڈ شاہدرہ عبدالرؤف نیازی کی قیادت میں شاہدرہ ٹریڈرز بورڈ کے وفد نے آج یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے تاجر برادری سمیت ہر فرد کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت معاشی بحران سمیت کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تاجر برادری کو سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ٹیکس ادا کرکے ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ بہت سے لوگوں کے لیے روزگار کا ذریعہ ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونا ہو گا۔ اس موقع پر وفد نے گورنر پنجاب کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے گورنر پنجاب سے شاہدرہ میں ناقص منصوبہ بندی اور عوامی امنگوں کے برعکس فلائی اوور پراجیکٹ پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صدر انجمن تاجران جی ٹی روڈ شاہدرہ عبدالرؤف نیازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے شاہدرہ چوک فلائی اوور پراجیکٹ پر قدغن لگا کر نہ صرف شاہدرہ کے عوام کے ساتھ ناانصافی کی بلکہ سرکاری خزانے کے اربوں روپے بھی ضائع کئے۔

انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کے لیے ٹینڈر تکنیکی رسمی کارروائیوں کو مکمل کیے بغیر دیا گیا جو بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے امامیہ کالونی گیٹ فلائی اوور پراجیکٹ کی منظوری دے دی ہے۔ تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان منصوبوں کو جوڑ کر وفاقی اور پنجاب حکومتوں کے اشتراک سے ایک جامع اور موثر منصوبہ بنایا جائے۔ تاجروں نے گورنر پنجاب سے ان کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے کی تکمیل کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔

وفد نے ڈسٹرکٹ پرائس اسسمنٹ کمیٹی میں تاجروں کی نمائندگی کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔ گورنر پنجاب نے تاجر برادری کو درپیش مسائل متعلقہ محکموں تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔ وفد میں اشتیاق احمد، مجاہد نذیر اعوان، میاں محمد عارف، میاں اسامہ، عبدالقدیر خان، اجمل خان لودھی، محمد شفیق سلطانی اور چوہدری زاہد اقبال شامل تھی