الیکشن کمیشن کا وہاڑی کے دو حلقوں این اے 164 وہاڑی 3 اور این اے 165 وہاڑی 4 کے الیکشن شیڈول کا اعلان

اتوار 12 فروری 2023 15:15

وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2023ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وہاڑی کے دو حلقوں این اے 164 وہاڑی 3 اور این اے 165 وہاڑی 4 کے الیکشن شیڈول کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وہاڑی کے دو حلقوں این اے 164 وہاڑی 3 اور این اے 165 وہاڑی 4 میں ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا ہے دونوں حلقوں میں پولنگ 19 مارچ 2023 کو ہوگی دونوں حلقوں میں کاغذات نامزدگی 10 فروری سے 14 فروری تک جمع کرائے جائینگے ،15 فروری کو امیدواروں کی لسٹ جاری کی جائیگی 18 فروری کو ریٹرننگ افسر کی طرف سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی۔

ریٹرننگ افسر کی طرف سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد یا قبول کرنے کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 22 فروری کو دائر کی جاسکیں گی 27 فروری کو اپیلٹ ٹربیونل میں امیدواروں کے خلاف داخل کئے گئے اعتراضات کی سماعت اور فیصلہ کیا جائیگا 28 فروری کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست آویزاں کی جائیگی جبکہ یکم مارچ کو امیدواروں کی طرف سے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے علاوہ امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائیگی اور امیدواروں کو انتخابی نشان 2 مارچ کو الاٹ کئے جائینگے جبکہ 19 مارچ پولنگ ہوگی۔

(جاری ہے)

2018 کے عام انتخابات میں حلقہ این اے 164 سے پی ٹی آئی کے ایم این اے طاہراقبال چوہدری ایم این اے منتخب ہوئے تھے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے فیصلہ کے بعد ایم این اے طاہراقبال چوہدری کے استعفے کے بعد اس نشست پر 19 مارچ کو ضمنی الیکشن ہورہا ہے۔2018 کے ہونے والے انتخابات میں حلقہ این اے 164 سے کل 14 امیدوار ایک دوسرے کے مدمقابل تھا اصل مقابلہ پی ٹی آئی کے امیدوار طاہراقبال چوہدری اور پاکستان مسلم لیگ (ن )کی بیگم تہمینہ دولتانہ کے درمیان ہوا تھا جس میں طاہراقبال چوہدری نے 82 ہزار 213 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ بیگم تہمینہ دولتانہ 68 ہزار 198 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر رہیں اس حلقہ سے آزاد امیدوار رانا صغیراحمد گڈو 25 ہزار 488 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر اور تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار محمد اشرف خالد 11 ہزار 66 ووٹ لینے میں کامیاب رہے تھے ان کے علاوہ دیگر امیدواروں میں سے کوئی امیدوار بھی قابل ذکر ووٹ حاصل نہ کرسکا اس حلقہ میں کل ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 8ہزار 197 ہے جن میں 2 لاکھ 29 ہزار 763 مرد ووٹرز جبکہ 1 لاکھ 78 ہزار 434 خواتین ووٹرز ہیں ان انتخابات میں 2 لاکھ 35 ہزار 117 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا عام انتخابات 2018 میں اس حلقہ میں 327 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے جن میں سے مردوں کیلئے 79 خواتین کیلئے 71 جبکہ 177 مشترکہ تھے اس حلقہ میں کل 704 پولنگ بوتھ بنائے گئے جن میں 391 مرد ووٹرز اور 313 خواتین ووٹرز کیلئے تھے۔

حلقہ این اے 165 سے پی ٹی آئی کے اورنگزیب خان کھچی 2018 کے عام انتخابات میں ایم این اے منتخب ہوئے تھے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے فیصلہ کے بعد ایم این اے اورنگزیب خان کھچی کے استعفے کے بعد اس نشست پر 19 مارچ کو ضمنی الیکشن ہورہا ہے۔2018 کے ہونے والے انتخابات میں حلقہ این اے 165 سے کل 9 امیدوار ایک دوسرے کے مدمقابل تھے اصل مقابلہ پی ٹی آئی کے امیدوار اورنگزیب خان کھچی اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سعید احمد خان منیس کے درمیان ہوا جس میں اورنگزیب خان کھچی نے 99 ہزار 393 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ سعیداحمد خان منیس 65 ہزار 575 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر رہے اس حلقہ سے آزاد امیدوار میاں ماجد نواز ارائیں 21 ہزار 414 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے اور پاکستان پیپلزپارٹی کے محمود حیات ٹوچی خان 15ہزار 372 اور تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار غلام مصطفیٰ 8 ہزار 166 ووٹ حاصل کرسکے ان کے علاوہ دیگر امیدواروں میں سے کوئی امیدوار بھی قابل ذکر ووٹ حاصل نہ کرسکا اس حلقہ میں کل ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 86 ہزار 581 ہے جن میں 2 لاکھ 19 ہزار 862 مرد ووٹرز جبکہ 1 لاکھ 66 ہزار 719 خواتین ووٹرز ہیں عام انتخابات میں 2 لاکھ 17 ہزار 992 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا عام انتخابات 2018 میں اس حلقہ میں 297 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے جن میں سے مردوں کیلئے 73 خواتین کیلئے 66 جبکہ 158 مشترکہ تھے اس حلقہ میں کل 632 پولنگ بوتھ بنائے گئے جن میں 349 مرد ووٹرز اور 283 خواتین ووٹرز کیلئے تھے۔