وہاڑی ، پولیس مقابلے میں قتل و ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث ملزم شانی جوئیہ مارا گیا

ہفتہ 18 فروری 2023 12:20

وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2023ء) وہاڑی کے تھانہ صدر کے علاقہ 53 ڈبلیو بی کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میںقتل و ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث بین الاضلاعی ریکارڈ یافتہ ملزم شان احمد عرف شانی جوئیہ ماراگیا۔تفصیل کے مطابق وہاڑی کے تھانہ صدر کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ کے نتیجے میں ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا ۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کے مطابق پولیس پارٹی ملزم شان احمد عرف شانی جوئیہ کو ریکوری کے لئے لے جا رہی تھی کہ 53 ڈبلیو بی کے قریب ملزم کے ساتھیوں نے اس کوچھڑوانے کیلئے پولیس پر فائرنگ کر دی ،ساتھیوں کے مبینہ فائر لگنے سے ملزم شانی جوئیہ شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی ہلاک ہوگیا ۔فائرنگ کے تبادلہ میں سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔پولیس ترجمان کے مطابق نامعلوم ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے مارے گئے ملزم کی نعش کو پوسٹمارٹم کیلئے ڈسٹر کٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم ضلع وہاڑی، فیصل آباد، ساہیوال اور پاکپتن پولیس کو سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔